فضا علی کے ساتھ کس نے بدسلوکی کی؟ انہوں نے خود بتا دیا

ہفتہ 23 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہور اداکارہ اور گلوکارہ فضا علی نے کیریئر کے دوران اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی اور نا انصافیوں کا انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ بڑے بڑے نامور گلوکاروں نے ان کی گلوکاری کی صلاحیتوں کا فائدہ اٹھایا اور ان کے کیریئر کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔

فضا علی ایک باصلاحیت اور خوبصورت پاکستانی اداکارہ، میزبان، اور گلوکارہ ہیں جنہوں نے نوعمری میں ہی اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا، اور ہٹ ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

فضا علی اپنی پیاری بیٹی فرال کی ایک مضبوط اور بہادر اکیلی ماں ہیں۔ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو کے پروگرام میں مہمان کے طور پر نظر آئیں، جہاں انہوں نے اپنے ساتھ ناانصافی کرنے والے گلوکاروں کے ناموں کا انکشاف کیا۔

فضا علی نے بتایا کہ انہوں نے اپنی گلوکاری کے کیریئر کا آغاز راحت فتح علی خان کے ساتھ ایک گانے سے کیا تھا، لیکن اتنے اچھے آغاز کے بعد وہ گلوکاری کے شعبے میں زیادہ آگے نہیں جا سکیں اس کی وجہ ان کے ساتھ ہونے والی نا انصافیاں ہیں۔

فضا علی نے بتایا کہ بڑے بڑے نامور گلوکار پروگرامز میں آکر خود گلوکاری کی دعوت دیتے تھے لیکن جب ان کے ساتھ گانا گا لیتی تھی تو بعد میں معاوضہ تک ادا نہیں کیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہاکہ سب جانتے ہیں کہ میں اکیلی ماں ہوں اور میری ایک ہی بیٹی ہے، میری نا تو کوئی چینی یا چاولوں کی ملیں ہیں کہ وہاں سے پیسہ کماؤں، پھر بھی گلوکاروں نے مجھے معاوضہ ادا نہیں کیا اور طرح طرح کا پراپیگنڈا کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھاکہ حال ہی میں ایک گلوکار ذیشان روکھڑی جن کے ساتھ میں نے البم کے 3 گانے گائے اور ماڈلنگ بھی کی، اور ان گانوں کو کافی پذیرائی بھی ملی تھی مگر ذیشان روکھڑی نے اس کے باوجود مجھے کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا۔

انہوں نے بتایاکہ ذیشان روکھڑی کو میں بھائیوں کی طرح سمجھتی تھی اور ہر فورم پر میں ان کو بھائی کہہ کر پکارتی تھی لیکن ان کے مداحوں نے میرے اوپر طرح طرح کے الزامات لگائے جبکہ ذیشان روکھڑی نے کبھی بھی ان الزامات کی تردید نہیں کی۔

اسی طرح ایک اور مشہور گلوکار ہیں ملکو، انہوں نے بھی میرے ساتھ نا انصافی کی، میرے سے گانے ریکارڈ کروائے، ماڈلنگ کروائی مگر مجھے معاوضہ ادا نہیں کیا، جب بھی ان سے مطالبہ کیا جاتا تھا تو وہ ٹال دیتے تھے کہ فلاں تاریخ کو بھیج دوں گا۔

فضا علی نے کہا کہ پتا نہیں یہ لوگ کیوں ایسا کرتے ہیں، اور منفی شہرت پر کس طرح خوش ہو جاتے ہیں، جبکہ میں نے کبھی بھی اس طرح نہیں کیا اور نہ ہی اس طرح کی شہرت پانے کی خواہش رکھی۔

فضا علی نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ بغیر تصدیق کیے الزامات لگا دیتے ہیں، کبھی کس کے ساتھ جوڑ دیتے ہیں کہ فضا علی نے شادی کر لی ہے۔ یہاں تک کہ ایک بار سجاد علی کے ساتھ بھی جوڑ دیا تھا کہ انکی شادی سجاد علی کے ساتھ ہو گئی ہے اور سجاد علی نے فضا علی کو انکی بیٹی سمیت قبول کر لیا ہے۔

واضح رہے فضا علی ایک خوبرو اداکارہ بھی ہیں، ان کی پہلی ہٹ ڈرامہ سیریل ’مہندی‘ نے شہرت کے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے تھے، ان کے قابل ذکر ڈراموں میں ’مہندی‘، ’ساتھ نبھانا ہے‘، ’سات سر رشتوں کے‘، ’مور محل‘، ’لو لائف اور لاہور‘ اور ’شام ڈھلے‘ شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp