اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ارب 30 کروڑ روپے مالیت کا سامان ضبط

اتوار 24 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پاکستان کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی کی تعمیل پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کا اسمگلرز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے، رواں مہینے ایک ارب 30 کروڑ روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے۔

پاکستان کسٹمز، ایف بی آر اور پولیس کی جانب سے مشترکہ منصوبہ بندی اور مربوط انسداد اسمگلنگ آپریشنز کا ایک سلسلہ کامیابی سے انجام دیا گیا ہے۔ انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کی طرف سے تازہ ترین کارروائی گزشتہ رات انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن کی قیادت میں کی گئی۔

آپریشن میں انٹیلی جنس ایجنسی اور سندھ پولیس، ضلع کیماڑی بشمول اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ایس ایس یو کے دستوں کی معاونت حاصل تھی۔ مشترکہ آپریشن  یوسف گوٹھ  کراچی  کے علاقے میں خفیہ معلومات اکٹھی کرنے اور ریکی کے عمل کے بعد کیا گیا یہ چھاپہ مار آپریشن رات بھر جاری رہا۔

فورسز کو اسمگلروں اور ان کے ساتھیوں کے ایک متحرک ہجوم کی طرف سے زبردست مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ مشترکہ چھاپہ مار ٹیم نے اسمگل شدہ اور ممنوعہ اشیاء کی بھاری مقدار کو کامیابی کے ساتھ پکڑ کر برآمد کر لیا۔

فورسز کی جانب سے ضبط شدہ اشیاء میں 42 میٹرک ٹن اسکمڈ ملک پاؤڈر (دودھ)، 9 میٹرک ٹن وے پاؤڈر، 17 میٹرک ٹن پلاسٹک دانا، 0.45 میٹرک ٹن زیرہ، 1.2 میٹرک ٹن پوست کا بیج شامل ہے۔

اس کے علاوہ پلاسٹک شاپرز جس کا وزن 15 میٹرک ٹن ہے، مونوسوڈیم گلوٹامیٹ 0.9 میٹرک ٹن وزن کے ساتھ برآمد کیا گیا، تمام برآمد شدہ مال کی مالیت تقریبا 9 کروڑ روپے ہے۔

ضبط شدہ سامان، 11 مزدا ٹرکوں اور 3 کنٹینرز پر لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز ویئر ہاؤس منتقل کیا گیا ہے۔ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کسٹم ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کر لی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے حال ہی میں تیل کی اسمگلنگ کے خلاف موجودہ مہم سے پہلے 2 ستمبر 2023 کو ایک لاکھ 45 ہزار لیٹر اسمگلڈ ایرانی ڈیزل کے  چھ آئل ٹینکرز قبضے میں لے کر ضبط  کیے ہیں۔

انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے کراچی پورٹ سے مس ڈکلیریشن کے ذریعے کلیئر ہوئے 3 کنٹینرز کو قبضے میں لے کر، 210 ملین (21 کروڑ) کا سامان ضبط کیا ہے۔

انفورسمنٹ کلکٹریٹ نے صرف ستمبر کے مہینے میں 1300 ملین یعنی

ایک ارب 30 کروڑ روپے مارکیٹ ویلیو کے اسمگل شدہ سامان کو ضبط کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp