پاکستان کے دفاع میں اہم سنگ میل: ترکیہ میں تیار پہلا جدید بحری بیڑا پاک بحریہ میں شامل

اتوار 24 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے ترکیہ کے ترک نیول شپ یارڈ پر تیار ہونے والے پہلے ملگیم (MILGEM ) بحری بیڑے ’پی این ایس بابر‘ کو پاک بحریہ میں شامل کر لیا ہے، جس کی افتتاحی تقریب ترکیہ کے شہر استنبول میں ترک نیول شپ یارڈ پر منعقد ہوئی۔

ترکیہ کے دارلحکومت استنبول میں ہونے والی اس پر وقار تقریب میں ترکیہ کے وزیر دفاع یاسر گولر اور پاکستان کے نگراں وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر دفاع نے پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں مزید تعاون کے امکانات کا اعادہ کیا۔

انہوں نے استنبول نیول شپ یارڈ اور ’اے ایس ایف اے ٹی‘ (ترک فرم) کی کوششوں اور اس انتہائی اہم دفاعی پروجکیٹ کی تکمیل کو سراہا۔ انہوں نے ترکی میں حالیہ تباہ کن زلزلوں کے دوران غیر معمولی تعاون پر حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کے نگراں وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پہلےملگیم جہاز کی کامیاب تکمیل پر پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار، ترکی کی وزارت قومی دفاع، اے ایس ایف اے ٹی اور پاک بحریہ کے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو سراہا اور اس کام میں مصروف عمل تمام ٹیموں کو مبارکباد دی۔

پاکستان کے نگراں وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مثالی ہیں کیونکہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں جو کہ مستقبل میں مزید بہتری کے ساتھ جاری رہیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ’پی این ملگیم جہاز خطے میں امن و استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی پیداوار بالخصوص میری ٹائم ڈومین میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ ایڈمرل محمد امجد نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے مطابق پاک بحریہ نے ترکیہ کے ساتھ مل کر اپنے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا آغاز کیا ہے لہٰذا برادر ملک ترکی کے تعاون سے جدید جنگی جہازوں کی تعمیر کو جاری رکھنا ہمارے لیے انتہائی اطمینان بخش ہے۔

پاک بحریہ کے لیے پی این ملجم کلاس کے جہاز ٹیکنالوجی کے لحاظ سے جدید ترین پلیٹ فارمز ہیں۔ جہازوں میں جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم نصب کیا جائے گا جس میں جدید ہتھیار اور سینسر شامل ہوں گے۔

پاکستان کے لیےملگیم کلاس کے چار جہازوں کی تعمیر کے معاہدے پر 2018 میں پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار، پاکستان اور اے ایس ایف اے ٹی کے درمیان دستخط ہوئے تھے۔ منصوبے کے تحت 2 بحری جہاز استنبول نیول شپ یارڈ میں زیر تعمیر ہیں جبکہ دیگر 2 کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

 تقریب میں ترکی اور پاکستان سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ سول و عسکری شخصیات اور استنبول نیول شپ یارڈ کے حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp