افغان مہاجرین پاکستان سے روانگی کے لیے تیار، رکاوٹ کیا ہے؟

پیر 25 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

9 ستمبر سے غیر قانونی طور میں مقیم افغان شہریوں کے خلاف کراچی میں جاری آپریشن کے نتیجہ میں اب تک کم و بیش 8 سو افراد حراست میں لیے جاچکے ہیں، ان افغان شہریوں پر الزام ہے کہ ان کے پاس پاکستان میں قیام کے لیے درکار قانونی دستاویزات موجود نہیں ہیں۔

افغان مہاجرین وطن واپسی کے لیے تیار ہیں لیکن؟

اس حوالے سے وی نیوز نے کراچی میں قونصل جنرل افغان حکومت سید عبدالجبار  سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے پاس ضروری دستاویزات موجود ہیں تاہم اس کے باوجود پولیس نے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ’بے بنیاد الزامات کی آڑ میں اب بھی لاتعداد افغان شہری کراچی کی جیلوں میں قید ہیں۔‘

افغان قونصل جنرل کے مطابق کراچی کی جیل میں وہ افغان شہری ہیں جن کے پاس اگر اصل کارڈ نہیں تو نقل ضرور موجود ہے لیکن اصل کارڈ کے حصول کے لیے نادرا میں وقت لگتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ افغان شہری پاکستان سے روانگی کے لیے تیار ہیں لیکن وطن واپسی کے لیے بھی تو انہیں کوئی دستاویز چاہیے۔

پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے نادرا کارڈ کی مدت مکمل

اہم مسئلہ اب یہ درپیش ہے کہ افغان شہریوں کو فراہم کیے گئے کارڈز کی مدت 30 جون کو مکمل ہو چکی ہے اس حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے 20 جون کو جاری ایک خط کے مطابق کارڈز کی تجدید تک ملک میں مقیم افغان شہریوں کو قانونی تصور نہیں کیا جائے گا۔

کتنے افغان شہری پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں؟

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے مطابق اس وقت پاکستان میں کم وبیش 14 لاکھ افغان پناہ گزین رجسٹرڈ ہیں لیکن ان کی اب قانونی حیثیت پر سوال اس لیے اٹھ رہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اب تک انکے کارڈز کی تجدید کے لیے نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم اس عمل کے لیے بات چیت جاری ہے۔

افغان شہریوں کی وکیل کیا کہتی ہیں؟

افغان مہاجرین کی وکیل منزہ کاکڑ کے مطابق کراچی میں اب تک گرفتار کیے گئے افغان مہاجرین کی تعداد 802 ہے، جن میں سے 200 کی رہائی ممکن بنائی جاسکی ہے۔ ’جن جج صاحبان کو اس معاملے کا علم ہے وہ افغان کارڈ دیکھ کر فوراً رہائی کا حکم دے رہے ہیں۔ جیل جانے والوں کے پاس بھی درکار دستاویزات کسی نہ کسی شکل میں موجود ہیں، ان کی بھی رہائی جلد ممکن ہو جائے گی۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp