احتساب عدالت کراچی: حفیظ شیخ، مصطفی کمال سمیت دیگر کے خلاف ریفرنسز سماعت کے لیے مقرر

جمعرات 28 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

احتساب عدالت کراچی نے سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور ایم کیو ایم رہنماء مصطفٰی کمال سمیت دیگر کے خلاف ریفرنسز دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے نامزد ملزموں کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔

عدالتی نوٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ملزمان کے خلاف ریفرنس بحال ہو چکا ہے، ریفرنس کی سماعت جہاں سے رکی تھی وہیں سے دوبارہ شروع ہوگی۔

احتساب عدالت نے قومی خزانے کو ایک کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچانے  کے ریفرنس میں عبدالحفیظ شیخ و دیگر کو 21 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔

نیب کراچی کے مطابق عبد الحفیظ شیخ کیخلاف قومی خزانے کو ایک کروڑ ڈالر سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام ہے، پورٹ قاسم سمیت دیگر پورٹس کے لیے سافٹ ویئر کی تیاری کی مد میں کرپشن کاالزام ہے۔

احتساب عدالت نے ایم کیو ایم رہنماء مصطفٰی کمال و دیگر کے خلاف کلفٹن میں پلاٹوں کے غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس کو بھی سماعت کے لیے مقرر کر لیا ہے۔ عدالت نے مصطفٰی کمال و دیگر کو 4 نومبر کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔

نیب کے مطابق ملزمان پر کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے، ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان افتخار قائمخانی، فضل الرحمٰن، ممتاز حیدر، نذر زرداری شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp