نواز شریف کی خواہش ہے کہ سندھ کے کارکنان بھی ان کے استقبال کے لیے آئیں، محمد زبیر

جمعرات 28 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ نواز شریف کی خواہش ہے کہ سندھ کے کارکنان بھی ان کے استقبال کے لیے آئیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ نواز شریف کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا جائے گا، اسی حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ میٹنگز کا انعقاد کرے گی اور آج اس سلسلے کا پہلا اجلاس منعقد کیا گیا۔

محمد زبیر نے کہا کہ اجلاس میں فیصلے کیے گئے کہ کیسے نواز شریف کے استقبال کو فقید المثال اور تاریخی بنایا جائے تاکہ پوری قوم اور دنیا کو معلوم ہو سکے کہ میاں نواز شریف پاکستان میں 40 سال بعد بھی سب سے زیادہ مقبول رہنما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کی رات کو کسی کو شک نہیں رہے گا کہ میاں نواز شریف آئندہ انتخابات کے لیے اس پارٹی اور اس مہم کی قیادت کے لیے آ رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کے لیے یہ ایک بہت بڑا دن ہے اور اس دن ہم یقینی بنائیں گے کہ سندھ اس میں کسی سے پیچھے نہ رہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان سمیت ملک کے تمام علاقوں سے لوگ نواز شریف کے استقبال کے لیے آرہے ہیں اور سندھ اس میں اپنا حصہ ضرور ڈالے گا، اس سلسلے میں رہنما ن لیگ شاہ محمد شاہ کی سربراہی میں حیدر آباد، میر پور اور سکھر سمیت اندرون سندھ کے علاقوں کا دورہ کیا جائے گا۔

محمد زبیر نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) سندھ نے مختلف کیمیٹیاں تشکیل دی ہیں، لاجسٹکس سے متعلق کمیٹی نے سندھ بشمول اندرون سندھ سے ورکرز کو لاہور لے کر جانے اور دیگر انتظامات سے متعلق فیصلے کیے ہیں، سوشل میڈیا ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جس کا بھرپور کردار ہو گا۔

محمد زبیر نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ نوازشریف کے استقبال کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں لاہور پہنچیں، 21 اکتوبر کو پتہ چل جائے گا نوازشریف کتنے مقبول لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف 3 بار وزیراعظم بنے مگر ہر بار ان کی حکومت ختم کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp