خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں 2 خود کش حملے ہوئے، ایک حملہ ہنگو تھانے کے گیٹ پر اور دوسرا تھانے میں ہی موجود مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہوا۔ خودکش حملوں میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ڈی پی او ہنگو نثار احمد نے اس حوالے سے بتایا کہ دوآبہ تھانے پر 2 خودکش حملے ہوئے، ایک خودکش دھماکا تھانے کے گیٹ پر ہوا جبکہ دوسرا خود کش دھماکا تھانے کے اندر مسجد میں ہوا۔
ڈی پی اور ہنگو کے مطابق دھماکے کے باعث مسجد کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے ہیں، مسجد میں 30 سے 40 کے قریب افراد موجود تھے۔
مزید پڑھیں
پولیس کے مطابق ملبے تلے دبے باقی افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ 12 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
نگران وزیراعلٰی خیبرپختونخوا اعظم خان نے ہنگو دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
نگران وزیراعلٰی نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو امدادی کاموں کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہنگو کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
ہنگو پولیس کی بروقت کارروائی
ہنگو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھاری نقصان سے عوام کو محفوظ کر دیا، پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار 2 خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے کے لیے پہنچے تھے۔
ڈیوٹی پرموجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک حملہ آور مسجد کے باہر ہی ہلاک کردیا گیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلہ میں 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کی آواز سن کر بیشتر نمازی مسجد سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے، اسی دوران دوسرا خودکش حملہ آور مسجد میں گھسنے میں کامیاب ہوگیا۔
واضح رہے آج ہی بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھی الفلاح روڈ پر مسجد کے قریب خودکش دھماکا ہوا جس میں 20 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوئے۔