وارم اَپ میچ: پاکستانی بولرز کی مایوس کن کارکردگی، نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست

جمعہ 29 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راچن رویندر کے72 گیندوں پر  97 رنز،کین ولیمسن، ڈیرل مچل اور مارک چیپمین کی نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے وارم اپ میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راچن رویندر کی 72 گیندوں پر 97 رنز کی تیز ترین اننگزبدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 346 رنز کا ہدف محض 43.4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔

ڈیرل مچل، کین ولیمسن اور مارک چیپمین نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی طرف سے اسامہ میر نے 2 ، حسن علی ، آغا سلمان اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اس کے اوپنربلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، محمد رضوان  اور سعود شکیل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز کا بڑا ہدف دیا، جسے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بآٰسانی 43.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔

پاکستان کی اننگز کی خاص بات وکٹ کیپر بلے باز رضوان کے شاندار 103 رنز اور ان میں کپتان بابر اعظم کے  80 رنز شامل ہیں، جب کی سعود شکیل نے بھی عمدہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی اننگز کھیلی، یوں پاکستان کے بیٹرز نے عمدہ کھیل کے ساتھ ورلڈ کپ میں باقی ٹیموں کے لیے اپنی الارمنگ پوزیشن واضح کر دی ہے۔

پاکستان اور کیویز ( نیوزی لینڈ) کے درمیان وارم اَپ میچ بھارت کے جنوبی شہر حیدر آباد دکن میں کھیلا گیا۔50اوورز کا ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے بھارتی شہر احمد آباد میں شروع ہوگا جس میں انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

پاکستان نے جمعہ کو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد ابتدائی 2 وکٹیں گنوا دیں لیکن محمد رضوان اور بابر اعظم نے اننگز کو دوبارہ سنبھالا دیا ۔

کپتان بابر اعظم نے مچل سینٹنر کے ہاتھوں آؤٹ ہونے سے قبل 8 چوکے اور 2 چھکے لگاکر 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اس کے بعد رضوان نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر اپنی سنچری مکمل کی جب کہ سعود شکیل نے بھی بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 75 رنز اسکور کیے۔

رضوان نے اپنی 94 گیندوں کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے لگائے، رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد آغا سلمان نے بھی قومی ٹیم کے اسکور میں 33 رنز اضافہ کیا اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی اننگز میں نیوزی لینڈ کے 8 بولرز کی قیادت قائم مقام کپتان ٹام لیتھم کر رہے تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لوکی فرگوسن، میٹ ہینری اور جیمز نیشام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ ہفتے میگا ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ اس میں خاص طور پر باؤلر حسن علی شامل ہیں جبکہ ایشیا کپ میں زخمی ہونے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو شامل نہیں کیا گیا ۔

دیگر قابل ذکر کھلاڑیوں میں ایشیا کپ اسکواڈ کا حصہ رہنے والے بولر فہیم اشرف اور محمد حسنین فئد شامل ہیں۔

اننگز کے بعد سنچری اسکور کرنے والے پاکستانی بیٹر محمد رضوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ وہ اپنی اننگز پر فخر اور اطمینان محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سنچری تو سنچری ہی ہوتی ہے، چاہے جس طرح کے میچ میں ہی کیوں نا ہوں، نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اَپ میچ میں سنچری اسکور کر کے فخر اور اطمینان محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے پر موجود لوگوں نے ہمیں بہت پیار دیا، ہمیں وہی پیار ملا جو ہمیں لاہور، کراچی اور پشاور میں ملتا ہے۔ میں اس بیٹنگ پوزیشن پر خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سعود شکیل زبردست فارم میں ہیں۔ انہوں نے سری لنکا میں شاندار اننگز کھیلی اور آج بھی انہوں نے عمدہ اننگز کھیلی۔ امید ہے کہ وہ ون ڈے ورلڈ کپ کے میچوں میں بھی اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بنیادی طور پر بابر اعظم اور میری بیٹنگ ایک جیسی ہے کیونکہ ہم ہمیشہ اسٹرائیک کو موڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ گراؤنڈ میں ہماری بہت اچھی شراکت داری ہوتی ہے اور یہی ہماری کامیابی کی وجہ بھی ہے۔

پاکستان اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان، (وکٹ کیپر)، محمد وسیم، آغا سلمان، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم  ول ینگ، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (کپتان)، گلین فلپس، راچن رویندر، جیمز نیشام، مچل سینٹنر، مارک چیپمین، ایش سودھی، ٹرینٹ بولٹ، میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن پر مشتمل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp