مردان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، دہشت گرد گروہ کا سرغنہ ہلاک

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع مردان کے علاقے کٹلنگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران ایک دہشت گرد گروہ کے سرغنہ کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 28 اور 29 ستمبر کی درمیانی شب خیبر پختونخوا کے 2 مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے ساتھ 2 مقابلوں میں حصہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع مردان کے علاقے کٹلنگ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں دہشت گرد گروہ کا سرغنہ فیصل مارا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا عسکریت پسند متعدد دہشت گردی کی سرگرمیوں میں فعال طور پر ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ‘انتہائی مطلوب’ تھا۔اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرم کے علاقے پاراچنار میں عسکریت پسندوں کے ساتھ مقابلے میں ایک جوان شہید ہوگیا۔

’پاک افواج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ تاہم لانس نائیک غیرات خان (عمر 33 سال، ضلع کرم کے رہائشی) نے بہادری سے لڑنے کے بعد جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بہادر جوانوں کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پر عزم اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے پاکستان دہشت گردی کے متعدد حملوں کی زد میں ہے، خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا عسکریت پسندوں کے نشانہ پر ہیں جو امن کو خراب کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بناتے آ رہے ہیں۔

جمعہ کو بلوچستان کے مستونگ اور خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو میں مساجد کے قریب 2 الگ الگ خودکش بم دھماکوں میں متعدد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

رواں ماہ کے اوائل میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) کی مرتب کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اگست کے مہینے میں ملک بھر میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور دہشت گردی کے 99 واقعات رپورٹ کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ نومبر 2014 کے بعد سے کسی ایک مہینے میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ان حملوں میں زیادہ تر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp