ایشین گیمز 2023: پاکستان گولڈ میڈل کا منتظر، کیا ایک برونز میڈل ہی کافی ہے؟

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کے شہر ہانگزو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں اب تک پاکستان کوئی بھی گولڈ میڈل حاصل نہ کر سکا، جبکہ چین 105، جاپان 27 اور کوریا 26 گولڈ میڈل حاصل کر چکا ہے۔

ایشین گیمز میں ہونے والے اب تک کے مقابلوں میں پاکستان کوئی بھی گولڈ میڈل نہیں لے سکا۔ یہاں تک کہ کوئی پاکستانی کھلاڑی سلور میڈل حاصل کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

ایشین گیمز کے اسکور بورڈ پر نظر دوڑائی جائے تو پتا چلتا ہے کہ پاکستان اب تک صرف ایک برونز میڈل حاصل کر سکا ہے۔ قومی شوٹر کشمالہ طلعت نے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلوں میں میڈل حاصل کیا، کشمالہ کا اسکور 218.2 رہا جبکہ ایونٹ میں پہلی 2 پوزیشنز بھارتی پلیئرز کے نام رہیں۔

ہانگزو میں منعقدہ ایشین گیمز میں بھارت 8 گولڈ، 12 سلور اور 13 برونز میڈل جیتنے کے بعد چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔ پانچویں نمبر پر موجود تھائی لینڈ نے بھی 8 گولڈ میڈل حاصل کیے لیکن صرف 3 سلور میڈل اور 9 برونز میڈل حاصل کر سکا ہے۔

ازبکستان نے 7 گولڈ، 10 سلور اور 15 برونز حاصل کیے، ہانگ کانگ نے 5 گولڈ، 13 سلور اور 18 برونز حاصل کیے۔ اسی طرح چائینز تائپے نے 5 اور ایران نے اب تک 3 گولڈ میڈل حاصل کیے ہیں۔

قازقستان اور انڈونیشیا نے 3 گولڈ میڈل جبکہ سنگاپور اور ملائیشیا نے 2،2 گولڈ میڈل حاصل کیے۔ ویتنام، متحدہ عرب امارات، مکاؤ، قطر، کویت، تاجکستان، کرغستان، اور بحرین بھی ایک ایک گولڈ میڈیل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

سری لنکا ایک سلور میڈل اور افغانستان 3 برونز میڈل حاصل کر سکا ہے، جبکہ پاکستان صرف ایک برونز میڈل کے ساتھ فہرست میں افغانستان اور سری لنکا سے بھی پیچھے ہے۔

ایشین گیمز میں پاکستان کی جانب سے مایوس کن کارکردگی پر شائقین حیریت میں مبتلا ہیں کہ اس کارکردگی کی وجہ کھلاڑیوں کی عدم دلچسپی ہے یا حکومتی سطح پر اقدامات کی کمی ہے۔

واضح رہے کہ 2018 کی ایشین گیمز میں بھی پاکستان کوئی گولڈ میڈل حاصل نہیں کر سکا تھا۔ اس وقت پاکستان نے صرف 4 برونز ہی حاصل کیے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp