قوم کے خوابوں کی تعبیر اور بحرانوں کا حل صرف نواز شریف ہیں، مریم نوازشریف

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم کے خوابوں کی تعبیر نوازشریف ہے، وہی قوم کو متحد کریں گے اور قوم کو ترقی کا وژن دیں گے، کیونکہ بحرانوں کا حل صرف نوازشریف ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ کی قیادت بھی نوازشریف کریں گے۔

سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم نوازشریف نے پنجاب ڈویژن اور اضلاع کے صدور اور سیکریٹری جنرلز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی امید، تعمیر وترقی کی تعبیر، ہر وعدے کی تکمیل اور پاکستان کی روشن تقدیر نوازشریف ہیں۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کو مہنگائی، مہنگے بلوں سے نجات، ترقی کی ضمانت، نوجوان کے روشن مستقبل، مزدور، کسان اور محنت کش کو ریلیف صرف نوازشریف دلاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چوتھی مرتبہ عوام کے منتخب وزیراعظم نوازشریف ملک وقوم کے لیے تاریخی کردار ادا کریں گے، نوازشریف آئے گا، تعمیر، ترقی، امن اور خوش حالی لائے گا۔

نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی دی، احسن اقبال

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی دی، ہر بار نوازشریف کو نہیں ترقی کے عمل کو روکا گیا، نواز شریف کی کوششوں سے عظیم دوست چین نے سی پیک کی صورت اس وقت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب کوئی پاکستان کا رخ کرنے کو تیار نہیں تھا۔

صرف پاکستانی عوام نہیں نواز شریف پر دنیا اعتبار کرتی ہے، سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو حکومتی مدت پوری کرنے دی جاتی تو آج مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نہ ہوتی، عوام ہی نہیں دنیا بھی نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے، پاکستان کو اتحاد، امن اور معاشی ترقی کی ضرورت ہے جو صرف وزیراعظم نواز شریف ہی کر سکتا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ قوم اور ملک کو ہمیشہ نیا وژن نواز شریف نے دیا، قوم اور سیاسی قیادت کو ہمیشہ نواز شریف نے ہی متحد کیا، اس لئے وزیراعظم نواز شریف ضروری ہے۔

نواز شریف کو کام کرنے دیا جائے تو ملک سے تمام مسائل ختم ہو جائیں، رانا ثنااللہ

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف کو کام کرنے دیا جائے تو پاکستان سے مسائل لوڈشیڈنگ کی طرح ختم ہوجائیں گے، نواز شریف کو اقتدار کی نہیں، پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات کے لیے نوازشریف کی ضرورت ہے، نوازشریف پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے۔

نواز شریف ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے سوا پاکستان کو بحرانوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، نوازشریف ہی قوم کو متحد کرکے اسے ریلیف دے سکتے ہیں، نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں نوازشریف ہی شامل کریں گے۔

اجلاس میں قائد محمد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی اور استقبال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں یوتھ کوآرڈینیٹرز اور قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp