مستحق لوگوں تک ان کا حق پہنچانا حکومت کی ترجیح ہے، چیئرمین بی آئی ایس پی امجد ثاقب

ہفتہ 30 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے، مستحق لوگوں تک ان کا حق پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، 93 لاکھ مستحقین کو اگر خوشحال گھرانے اپنا لیں تو ان لوگوں کی زندگیاں سنور سکتی ہیں۔

ہفتہ کے روز یہاں ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر گلشن راوی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر کا دورہ کرکے مجھے خواتین کے مسائل سے آگاہی حاصل ہوئی ہے، یہ ہمارے قومی وجود کا حصہ ہیں جن کی دل جوئی کرنا مخیر حضرات کی اہم ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر میں آئی ہوئی خواتین سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ یہاں آنے والی خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈاکٹر امجد ثاقب خواتین کے مسائل معلوم کر رہے ہیں

ڈاکٹر امجد ثاقب کے دورے کے موقع پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل ندیم عالم بٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فرمان اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر لاہور ریحانہ ملک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

کوئی مستحق خاتون محروم نہیں رہنی چاہیے، امجد ثاقب کی ہدایت

ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہیے تاکہ کوئی مستحق خاتون پیچھے نہ رہ جائے، ہمارے معاشرے میں بہت سے افراد کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، وہ ایک دن کھاتے ہیں اور دوسرے دن کھانے کو ان کے پاس کچھ نہیں ہوتا۔

چیئرمین بی آئی ایس پی نے کہاکہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے ان مستحقین کی مدد کررہے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم جب ان کی اپنی کمائی ہوئی رقم میں شامل ہوجاتی ہے تو ان کے کئی مالی مسائل حل ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے عملے کو ہدایات دیتے ہو ئے کہاکہ مدد کے لیے آئی ہوئی خواتین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے، یہ آپ لوگوں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے، ان کی مدد کرکے آپ ان کی دعائیں لے سکتے ہیں۔

کیش ٹرانسفر میں خامیاں دور کی جائیں

ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہاکہ کیش ٹرانسفر میں جو خامیاں ہیں انہیں دور کیا جائے تاکہ یہ لوگ اپنے خاندان کے مالی مسائل کو بر وقت کم کرسکیں۔

بی آئی ایس پی کے تحت 3 پروگرامز چل رہے ہیں، امجد ثاقب کو بریفنگ

اس موقع پر چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر امجد ثاقب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 3 پروگرامز چل رہے ہیں جن میں بینظیر کفالت، بینظیرتعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما پروگرام شامل ہیں، ملک بھر میں 9.3 ملین افراد اس سے استفادہ کررہے ہیں جن میں پنجاب میں 340خواجہ سرا بھی شامل ہیں۔

ان کو مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں 41لاکھ 14ہزار مستحق خواتین کو سہ ماہی قسط جاری کردی گئی ہے، 9ہزار روپے سہ ماہی ہرمستحق خاتون کو دیے جاتے ہیں۔ پنجاب 157 جبکہ لاہور میں 12 ڈائنامک رجسٹریشن سنٹرز کام کررہے ہیں۔

مستحق خواتین کے بچوں کو تعلیمی وظائف بھی جاری کیے جاتے ہیں

ڈاکٹر امجد ثاقب کو مزید بتایا گیا کہ مستحق خواتین کے بچوں کو تعلیمی وظائف الگ سے جاری کیے جاتے ہیں، پرائمری اسکول کے طلبا کو 1500روپے جبکہ طالبات کو 2 ہزار روپے سہ ماہی جاری کیے جاتے ہیں، سکینڈری سکول کے طالب علم کو 2500 روپے جبکہ طالبہ کو 3 ہزار روپے سہ ماہی جاری کیے جاتے ہیں۔

ذمہ داران نے بتایا کہ اسی طرح ہائیر اسکینڈری سکول کے طالب علم کو 3500 روپے جبکہ طالبہ کو 4 ہزار روپے جاری کیے جاتے ہیں۔ پنجاب میں 6.8 ملین بچے تعلیمی وظائف کے تحت رجسٹرڈ ہیں جن میں 3.5 ملین لڑکے اور 3.3 ملین لڑکیاں شامل ہیں۔

نشوونما پروگرام بھی کامیابی سے چل رہا ہے

نشوونما پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ پروگرام 26 اضلاع میں چل رہا ہے، 72 سینٹرز میں 71 ہزار 350 خواتین رجسٹرڈ ہیں، حاملہ خاتون کو 2 ہزار روپے اضافی سہ ماہی کے دیے جاتے ہیں جبکہ ڈیلیوری کے بعد لڑکا ہونے کی صورت میں 2 ہزار روپے اور لڑکی ہونے کی صورت میں 2500 روپے سہ ماہی دیے جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp