عام تاثر کے برعکس پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد بڑھنے کے بجائے 50 لاکھ کم ہو گئی ہے۔
ٹیلی کام انڈسٹری کے ڈیٹا کے مطابق ملک میں ’ٹیلی ڈینسٹی‘ کی شرح یعنی موبائل فون صارفین کی تعداد 195 ملین تھی۔
اب پاکستانی موبائل فون صارفین کی موجودہ تعداد سابقہ 19 کروڑ 50 لاکھ سے کم ہو کر 19 کروڑ رہ گئی ہے۔
مزید پڑھیں
ٹیلی کام انڈسٹری ذرائع کے مطابق موبائل فون صارفین کی تعداد میں اس کمی کی وجہ سندھ اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں آنے والے سیلاب کے اثرات اور موبائل فون کمپنیوں کی مارکیٹنگ حکمت عملی میں تبدیلی ہے۔
’وی نیوز‘ کو دستیاب تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں کے صارفین عموماً ایک سے زیادہ موبائل سمیں اپنے پاس رکھنے کے عادی تھے۔ سیلاب نے انفراسٹرکچر متاثر کیا تو ان کی جانب سے زیادہ سموں کا استعمال ترک کر دیا گیا ہے۔
اسی دوران ٹیلی کام سیکٹر نے ہر سہ ماہی میں ’سم لگاؤ آفر‘ کے نام پر کی جانے والی پیشکش بھی واپس لے لی۔
موبائل سم بیرون ملک سے منگوائی جاتی ہے جس پر خطیر لاگت آتی ہے۔ معاشی فرنٹ پر ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے مہنگی سم ماضی کی طرح سستی قیمت پر فروخت کرنا اور پھر سابقہ پریکٹس کے تحت سم لگانے کی آفر کے ساتھ رعایتی پیکیجز کا اعلان سودمند نہیں رہا تھا لہٰذا اسے ختم کر دیا گیا۔
ان دونوں معاملات کی وجہ سے پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں 50 لاکھ کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔