مس یونیورس پاکستان ’حلال سیاحت‘ کو فروغ دینے کی مہم کا حصہ بن گئیں

اتوار 1 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مس یونیورس کے مقابلے کے لیے نامزد پاکستان اور بحرین کی حسینائیں فلپائن میں ’حلال سیاحت‘ کو فروغ دینے کی مہم کا حصہ بن گئی ہیں۔

مس یونیورس پاکستان کا اعزاز پانے والی ایریکا رابن اور بحرین کی مس یونیورس مقابلے کے لیے منتخب ہونے والی حسینہ لوجین یعقوب کو اس مہم میں شمولیت کی اس لیے آفر کی گئی ہے کیونکہ فلپائن اپنے رواں سال کے سیاحتی اہداف کو پورا کرنے کے لیے مشرق وسطیٰ اور مسلم اکثریتی ممالک سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنا چاہتا ہے۔

فلپائن کے محکمہ سیاحت کی انڈرسیکریٹری مائرا پازوالڈروسا ابوبکر نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ سیاحت فلپائن میں مسلم دوست اور حلال سیاحت کے فروغ کے لیے بحرین اور پاکستان کی حسیناؤں کی موجودگی کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کی حسیناؤں کے دورہ فلپائن سے ملک میں سیاحت میں اضافہ ہو گا اور مسلم ممالک سے سیاح فلپائن کے سمندروں، جزیروں، ڈائیونگ اسپاٹس اور جنگلی حیات دیکھنے کے علاوہ یہاں کی تہذیب و تمدن سے آشنا ہو سکیں گے۔

مس یونیورس پاکستان اریکا رابن نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ سیاحت کے فروغ میں فلپائن کی مدد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی یہاں آئے ہوئے 24 گھنٹے بھی نہیں ہوئے لیکن مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے میں اپنے ملک اور اپنے گھر میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ہم یہاں کی سیر کریں گے اور اس ملک کے بارے میں بہت کچھ جانیں گے، اس کے بعد دنیا کو بتائیں گے کہ فلپائن میں گھومنے پھرنے کا ہمارا تجربہ کیسا رہا۔

ایریکا رابن نے مزید کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ ایک ایسی مہم کا حصہ ہیں جس کے بارے میں لوگوں کا جاننا ضروری ہے۔ انہوں نے فلپائنی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام مسلم ممالک کے سیاحوں کو فلپائن کے بارے میں جان کر اچھا لگے گا۔

 بحرین کی مس یونیورس لوجین یعقوب نے کہا کہ فلپائن کا زبردست اور متنوع کلچر مسلم ممالک ہی نہیں دیگر خطوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی اپنی جانب راغب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بحرین کے لوگوں کو مشورہ دیں گی کہ وہ اس خوبصورت ملک کی سیرکو آئیں اور یہاں کے دلکش ساحلوں، جزیروں اور ڈائیونگ اسپاٹس کا لطف اٹھائیں۔

واضح رہے بحرین کی مس یونیورس لوجین یعقوب اورمس یونیورس پاکستان ایریکا رابن جمعہ کو منیلا پہنچی تھیں، وہ دونوں نومبرمیں ایل سلواڈور میں ہونے والے مس یونیورس 2023ء مقابلے میں شرکت کے لیے ایک ٹریننگ کی غرض سے فلپائن کا دورہ کر رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp