ارجنٹائن کی 60 سالہ خاتون نے مقابلہ حسن جیت کر سب کو حیران کردیا

ہفتہ 27 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ارجنٹائن کی 60سالہ الجینڈرا ماریسا روڈریگز نے سب کو حیران کرتے ہوئے مس کیپیٹل بیونس آئرس کا ٹائٹل جیت لیا اور پھر مس ارجنٹائن 2024 کے کوالیفائر کے لیے کوالیفائی بھی کرلیا۔ ماریسا روڈریگز کی 60 سال کی عمر میں نوجوانی جیسی ادائیں، دلکش خصوصیات اور چست رہنا انتہائی حیران کن ہے۔

الجینڈرا ماریسا روڈریگز کا اس عمر میں بھی نوجوان نظر آنا ہی ان کی جیت کا سبب بنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ مس ارجنٹائن کے مقابلوں کے لیے کوالیفائی بھی کرلیا ہے۔ بین الاقوامی آرگنائزیشن فار بیوٹی پیجنٹس نے ان مقابلوں کے لیے عمر کی حد کو ختم کردیا تھا جس کی وجہ سے الجینڈرا ماریسا کو مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع ملا۔

اس سے قبل اس مقابلے میں 18 سے لے کر 28 سال تک کی خواتین شرکت کرتی تھیں۔ لیکن اب تمام عمر کی خواتین بھی اس میں امیدوار بن سکتی ہیں۔ الجینڈرا نے بھی نئے قوانین کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مقابلوں میں حصہ لیا اور اپنی اداؤں اور خصوصیات سے جیوری کو قائل کرنے میں کامیاب ہوئیں جس کے بعد ان کو فاتح قرار دیا گیا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین نے 60سالہ الجینڈرا ماریسا کی جیت کی خبروں پر مختلف تبصرے کرنا شروع کردیے، اور ان کی عمر کی سچائی پر یقین کرنے سے انکار کردیا، اور ان کے چہرے کے خدو و خال کو چھوٹی عمر کا کہا گیا۔ کچھ صارفین نے ماریسا روڈریگز کی طرف داری کی اور کہا خواتین کھیلوں، صحت مند زندگی اور متوازن خوراک کے ذریعے اپنی جوانی برقرار رکھ سکتی ہیں۔

ماریسا روڈریگز پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں اور صحافت بھی کرتی ہیں، ان کو طلاق ہوچکی ہے اور وہ اکیلے زندگی گزار رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے بارے میں میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی غذا اور طرز زندگی کا بھرپور خیال رکھتی ہیں، اور وقفے وقفے سے روزہ بھی رکھتی ہیں۔ فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے دن میں 3 بار مسلسل ورزش کرتی ہیں۔

اس عمر میں ٹائٹل جینے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ خوبصورتی کی کوئی میعاد نہیں ہوتی، جیوری نے بھی ان کے اس اعتماد اور جذبے کو سراہ، اور اپنی نسل کی خواتین کی نمائندگی کرنے کے حوالے سے بہترین پایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp