جب بھی ہم سے ہمارا فون چھین لیا جاتا ہے یا چوری ہوجاتا ہے تو ہم فوراً بہت زیادہ گھبرا جاتے ہیں۔ شاید یہ قدرے فطری امر ہے تاہم اس کیفیت سے فوری طور پر نکلنا اور ایک اہم ترین کام کرنا بہت ضروری ہے۔ آپ کا فون چوری ہو جائے یا کہیں گم ہو جائے تو آپ کو اپنے حساس ڈیٹا کی حفاظت کے لیے فوری کارروائی کرنی چاہیے، لہذا اگر آپ کا فون گم ہو جائے تو آپ کو فوری طور پر درج ذیل کام کرنے چاہئیں۔
اپنے نمبر پر فوری طور پر کال کریں
اگر آپ کا فون گم ہو جائے یا آپ بھول جائیں کہ آپ نے کدھر رکھا ہے تو سب سے پہلے کسی دوسرے نمبر سے اپنے موبائل نمبر پر کال کریں، شاید آپ نے اسے کسی کے فون سے بدل دیا ہے یا غلطی سے اسے کسی دکان پر چھوڑ دیا ہے تو کال کرنے سے آپ کو پتہ چل جائے گا فون کہاں ہے؟
تاہم اگر آپ کا فون کسی نے چوری کر لیا اور فون بند کر دیا تو ایسی صورت میں کال والا آپشن آپ کے کسی کام نہیں آئے گا۔
اپنے فون کو ہمیشہ لاک رکھیں
یہ آپشن کافی مؤثر ہے اور یہ آپ کا فون چوری ہونے سے قبل پیشگی اقدام بھی ہے، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ہمیشہ یہ تجویز کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے فون کو پیٹرن، چہرے کی شناخت کے لاک، فنگر پرنٹ، آواز کی شناخت کے لاک، پاس ورڈز وغیرہ کے ساتھ لاک رکھیں۔
آپ اپنے آئی فون کو دور سے بھی لاک کر سکتے ہیں تاکہ کوئی بھی آپ کی نجی معلومات تک رسائی نہ کر سکے۔ آپ کسی دوسرے ڈیوائس میں لاگ ان کرکے اور اپنے ایپل اکاؤنٹ میں لاگ ان کرکے فائنڈ مائی آئی فون آپشن پر کلک کرکے اپنے آئی فون پر لوسٹ موڈ کو ایکٹیویٹ کرسکتے ہیں۔
اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ اگر کوئی آپ کا فون چرا لیتا تو وہ آپ کے فون کے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں کر سکے گا، کیوں کہ آپ نے اپنے فون کی سیکیورٹی مضبوط رکھی ہوئی ہے۔
اگر آپ کا اینڈرائیڈ فون گم ہوا ہے تو اپنی گوگل آئی ڈی کے ساتھ فائنڈ مائی ڈیوائس آپشن ذریعے اپنے گم ہونے والے موبائل کی لوکیشن تلاش کر سکتے ہیں۔
جی پی ایس کے ذریعے فون کو ٹریک کریں
اپنے فون کے GPS کا استعمال کرتے ہوئے فون کو تلاش کرنے کی کوشش کریں، اگر آپ نے اپنے فون کا جی پی ایس شروع سے ایکٹیویٹ نہیں کیا ہے تو یہ طریقہ آپ کی بالکل بھی مدد نہیں کرے گا۔ تاہم اگر آپ نے اپنے فون کا جی پی ایس آن رکھا ہے تو آپ کسی دوسرے ڈیوائس سے اپنے گوگل اکاؤنٹ میں لاگ ان کر سکتے ہیں اور اپنے گم شدہ فون کی موجودہ لوکیشن کو ٹریک کرنے کے لیے گوگل لوکیشن ہسٹری میں جا سکتے ہیں۔
تمام ڈیٹا ریموٹڈلی(دور سے) مٹا دیں
مزید پڑھیں
اگر فون کرنے یا GPS سے آپ کو مدد نہیں مل رہی تو ہو سکتا ہے کہ چور نے آپ کے فون کی بیٹری اور آپ کا سم کارڈ بھی نکال لیا، ہو اپسی صورت میں آپ اپنا ڈیٹا محفوظ رکھنے کے کیا کریں گے؟ آپ اپنے iCloud یا Google اکاؤنٹ سے اپنا تمام ڈیٹا مٹا سکتے ہیں، اگر آپ نے اپنا فون گم ہونے سے قبل ڈیٹا بیک اپ رکھا ہوا تھا دوسرے موبائل کے ذریعے بہ آسانی ڈیٹا ریکور کیا جا سکتا ہے۔
ایف آئی آر درج کروائیں
اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کا فون چوری ہوا ہے تو جلد از جلد پولیس کو اس کی اطلاع دیں یعنی فون چوری کی ایف آئی آر درج کروائیں۔ قوی امکان ہے کہ آپ کا فون آپ کو مل جائے گا لیکن نہیں بھی ملتا تو اگر آپ کا فون کسی مجرمانہ سرگرمی میں استعمال ہوتا ہے تو آپ کے پاس ایف آئی آر بطور ثبوت ہو گی کہ آپ کا فون چوری ہو چکا ہے اور آپ نے اس کی رپورٹ درج کروائی ہے۔
سم کارڈ بند کروائیں
جیسے ہی آپ کو پتہ چلتا ہے کہ آپ کے فون پر کوئی کال موصول نہیں ہو رہی ہے تو سروس فراہم کنندہ سے رابطہ کریں کہ وہ آپ کا سم کارڈ معطل کر دیں۔ اس سے آپ کا فون واپس نہیں تو نہیں ملے گا لیکن آپ کم از کم اپنے نمبر کے غلط استعمال کو روک سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ اگر آپ کا ڈیٹا آپ کے ڈیٹا اور بینک اکاؤنٹ سے بھی منسلک ہے، تو وہ شخص جس نے آپ کا فون چرایا ہے وہ آپ کے اکاؤنٹ سے پیسے بھی نکال سکتا ہے، تو ایسی صورت میں پہلی صورت میں سم کارڈ بند کروائیں۔
اپنے آن لائن اکاؤنٹس کے پاسورڈ تبدیل کریں
نہ صرف آپ کی ای میلز بلکہ آپ کے سوشل نیٹ ورک اکاؤنٹس بھی اہم ہیں، اگر آپ کا فون کسی چور کے ہاتھ لگتا ہے تو وہ فوری طور پر آپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو دیکھ سکتا ہے، وہ آپ کے فیس بک، واٹس ایپ، انسٹا گرام اور دوسرے نیٹ ورکس تک رسائی حاصل کر سکتا ہے اور ان لوگوں کو ٹیکسٹ کر سکتا ہے جنہیں آپ عام طور پر کرتے ہیں۔ اسے روکنے کے لیے اپنے آن لائن اکاؤنٹس کے پاس ورڈز تبدیل کریں۔
اپنے اکاؤنٹس کا لنک ختم کریں
اگر پاس ورڈ تبدیل کرنے سے بھی آپ کو ذہنی اطمینان حاصل نہیں ہوتا ہے تو آپ اپنے تمام کلاؤڈ اکاؤنٹس کو گم ہونے والے فون سے اَن لنک کر سکتے ہیں۔ اپنے کلاؤڈ سٹوریج جیسے ڈراپ باکس، گوگل ڈرائیو وغیرہ کو اَن لنک کر دیں، اس سے آپ کے اکاؤنٹس محفوظ ہوں گے۔ آپ یہ کام اپنے ڈیسک ٹاپ یا کسی دوسرے موبائل ڈیوائس سے اکاؤنٹ کے سیکیورٹی پیج پر جا کر اپنے گم شدہ ڈیوائس کو اَن لنک کر سکتے ہیں۔
یہ تو تھے فون چوری ہونے کے بعد کے اقدامات مگر کچھ اقدامات ایسے ہیں جو آپ کو ہمیشہ کرنے چاہئیں تا کہ اگر خدانخواستہ آپ کا فون چوری ہو جائے تو آپ کا ڈیٹا تو محفوظ رہے۔ یا اگر آپ کا فون چوری ہو چکا ہے اور آپ نے نیا فون خریدا ہے تو ڈیٹا محفوظ رکھنے کے لیے آپ درج ذیل اقدامات کریں:
ٹریکنگ لوکیشن آن رکھیں
اینڈرائیڈ ڈیوائس مینیجر کے ساتھ، آپ اپنے فون کو کہیں سے بھی ٹریک کر سکتے ہیں لیکن اس کے لیے آپ کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ آپ کے فون کی لوکیشن آن ہے۔ جب آپ کسی دوسرے فون سے اینڈرائیڈ ڈیوائس مینیجر تک رسائی حاصل کریں گے تو یہ آپ کو آپ کے موبائل کی تازہ ترین پوزیشن اور آخری بار آن لائن کب ہوا دِکھائے گا۔
اپنے فون کو پاسورڈ سے محفوظ بنائیں
جیسے ہی آپ کے ہاتھ میں نیا فون آتا ہے تو اسے پاس ورڈ، پیٹرن، آواز کی شناخت سے محفوظ کرنا یقینی بنائیں۔ یہ حفاظتی خصوصیات آپ کے ڈیٹا کو کم از کم تھوڑی دیر تک محفوظ رکھیں گی جب تک کہ وہ شخص آپ کا فون ہیک نہ کر لے۔
انٹرنیٹ ڈیٹا ہمیشہ فعال رکھیں
ٹریکنگ ایپ کو آپ کے فون کی لوکیشن آن کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن اس کے لیے آپ کے موبائل کا انٹرنیٹ کنکشن بھی درکار ہوتا ہے، اس لیے یہاں تک کہ اگر آپ کو تیز رفتار وائی فائی نیٹ ورک تک رسائی حاصل ہے، تب بھی اپنا موبائل ڈیٹا ہمیشہ آن رکھیں، اس سے آپ کے فون کی لوکیشن ٹریس کرنے میں مدد ملے گی۔
اپنے فون میں بیک اپ اسٹوریج رکھیں
آپ اپنی تمام تصاویر اور چیزیں کھونا نہیں چاہتے جو آپ نے طویل عرصے سے رکھی ہیں تو اپنے فون کو ہر روز اپنے کلاؤڈ اسٹوریج سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں تاکہ جب آپ نیا فون لیں تو اس میں آپ کو اپنے پرانے فون کا ڈیٹا ریکور کرنے میں مدد ملے۔ اس کے علاوہ گوگل ڈرائیو، آئی کلاؤڈ یا کسی بھی آف لائن اسٹوریج میں اپنے ڈیٹا کا ماہانہ بیک اپ رکھیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں آپ کے پاس ڈیٹا کی کاپی موجود ہے۔
نان ریمووایبل بیٹری والا فون خریدیں
ہمیشہ نان ریمووایبل بیٹری والا فون خریدیں، اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ اگر کوئی آپ کا فون چرا لیتا ہے تو وہ بیٹری نکال کر فون بند نہیں کر سکے گا اور اسے فون بند کرتے ہوئے وقت لگے گا، چور کے فون بند کرنے تک آپ اپنے فون کی لوکیشن ٹریس کر بھی سکتے ہیں۔