نواز شریف سے ملاقات:کیا شاہد خاقان عباسی کا موقف تبدیل ہو گیا؟

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لندن میں اہم ملاقات کی ہے۔

نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات میں ملکی مسائل اور سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال کیا جارہا تھا کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان گلے شکوے دور ہو جائیں گے اور وہ پارٹی میں ماضی کی طرح متحرک ہو جائیں گے مگر ملاقات کے بعد شاہد خاقان عباسی کی گفتگو سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ بدستور اپنے موقف پر قائم ہیں۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد شاہد خاقان عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نواز شریف کے استقبال کا قائل نہیں ہوں، میرے حلقے کے لوگ نواز شریف کے استقبال کے لیے مینار پاکستان جائیں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ میں موجودہ حالات میں انتخابات کا بھی قائل نہیں ہوں، نئی پارٹی بنائی نہیں اس کے قیام کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے ساتھ 35 سال کا تعلق ہے جو سیاست سے بالا تر ہے۔ نواز شریف کے ساتھ جو زیادتی کی گئی اس کا ازالہ کرنا ہو گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت نواز شریف کی ذمہ داری ہے کہ آگے کے راستے کا تعین کریں اور سب کو قائل کریں۔

واضح رہے کہ مریم کے چیف آرگنائزر ن لیگ بننے کے بعد شاہد خاقان عباسی نے کھل کر ن لیگ سے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اب وہ ٹی وی پروگراموں میں کھل کر بات بھی کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ ملک میں نئی پارٹی کے قیام کا بھی اشارہ دے چکے ہیں جس میں ان کے ساتھ مفتاح اسماعیل اور مصطفیٰ نواز کھوکھر ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp