ماہرہ خان نے شوبز کی دنیا میں کس کی خاطر قدم رکھا؟

بدھ 4 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دوسری بار شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان مسلسل شہ سرخیوں میں ہیں۔ لا علم لوگوں کے لیے خبر ہے کہ حال ہی میں ایک نسبتاً گنے چنے مہمانوں کے ہمراہ کھلے آسمان تلے منعقدہ ایک تقریب میں خوبرو اداکارہ اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم سے رشتہ ازدواج  میں منسلک ہوچکی ہیں۔

اس شادی کی کئی ویڈیوز اور تصاویر نے سوشل میڈیا پر سب کو خوشگوار حیرت سے دوچار کردیا ہے۔ اداکارہ ماہرہ خان کی ذاتی زندگی کے پہلو اکثر و بیشتر لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے ہیں، اور بہت زیادہ زیر بحث موضوعات میں سے ایک علی عسکری کے ساتھ ان کی پہلی شادی بھی ہے۔

ماہرہ نے اپنے بچپن کی محبت علی عسکری سے 2007 میں شادی کی تھی۔ دونوں کا ایک بیٹا ہے، جس کا نام انہوں نے اذلان رکھا تھا۔ تاہم 8 سال کی ازدواجی خوشیوں کے بعد علی اور ماہرہ کی شادی شدہ زندگی مشکلات کا شکار ہوکر علیحدگی اور 2015 میں بالآخر طلاق پر منتج ہوئی۔

ماہرہ نے علی عسکری سے 2007 میں شادی کی تھی، دونوں کا ایک بیٹا ہے، جس کا نام انہوں نے اذلان رکھا تھا۔ (فائل فوٹو)

تاہم، کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ ماہرہ کے سابق شوہر علی عسکری ہی تھے، جن کے لیے اس مایہ ناز اداکارہ نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔ جی ہاں! آپ نے اسے صحیح پڑھا۔ خود ماہرہ خان اس سے قبل ایک انٹرویو میں اس بارے میں کھل کر بات کرچکی ہیں۔

ڈان نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں ماہرہ خان سے پوچھا گیا تھا کہ انہوں نے شوبز کی دنیا میں کیسے قدم رکھا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے سابقہ شوہر علی عسکری کی وجہ سے ممکن ہوا جو ایم ٹی وی پاکستان کے لیے کام کرتے تھے۔

ماہرہ خان نے شوبز کی دنیا میں اپنے آغاز کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک بار علی سے ان کے آفس انڈس ٹی وی پر ملنے گئیں اور ان سے کہا کہ وہ ان کی مدد کرنا چاہیں گی اور اس طرح وہ ایک ویڈیو جوکی بن گئیں۔

’علی وہاں کام کرتا تھا۔ میں یہاں گرمیوں کی چھٹیوں میں آئی ہوئی تھی اور وہاں انڈس ٹی وی پر اس سے ملنے جاتی تھی۔ میں اسے اس کے کام میں مدد کرنے کا کہتی تھی اور یوں میں وی جے بن گئی۔۔۔ میں کبھی وی جے نہیں بلکہ ہمیشہ فلم اسٹار بننا چاہتی تھی۔‘

اسی انٹرویو میں ماہرہ خان نے بتایا تھا کہ شوبز کی دنیا میں آتے ہی انہوں نے علی سے شادی کرلی۔ اپنے اس وقت کے شوہر علی عسکری کی تعریف کرتے ہوئے ماہرہ نے بتایا کہ وہ ہمیشہ کے لیے ایک ایسے شخص کے ساتھ سفر پر نکلی جسے وہ بچپن سے جانتی تھیں اور جب بھی وہ اپنے بارے میں تحفظات کا شکار ہوتیں تو علی ہی انہیں باور کراتے تھے کہ وہ غلط ہیں۔

ماہرہ خان کا شوبز کریئر

جو لوگ نہیں جانتے، ماہرہ خان نے 2006 میں بطور وی جے اپنے کریئر کا آغاز کیا اور ایم ٹی وی پاکستان پر لائیو شو ’موسٹ وانٹڈ‘ کی میزبانی کی۔ 2008 میں ماہرہ خان نے آگ ٹی وی کے ریئلٹی شو ویک اینڈز ود ماہرہ کی میزبانی کی۔ اور یہ 2011 میں تھا جب ماہرہ خان نے عاطف اسلم کے ساتھ فلم بول میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

بعد ازاں ماہرہ خان نے ڈراما سیریل ہم سفر میں اپنی ماسٹر کلاس پرفارمنس سے شہرت حاصل کی۔ ماہرہ نے بالی ووڈ میں اپنے کرئیر کا آغاز 2017 میں شاہ رخ خان کے مدمقابل کردار کے ساتھ فلم رئیس سے کیا اور اس کے لیے بے پناہ کامیابی حاصل کی۔

ماہرہ خان کی دوسری شادی

کافی قیاس آرائیوں کے بعد بالآخر ماہرہ خان نے اپنے خوابوں کے شہزادے سلیم کریم سے شادی کر لی۔ بڑے پیمانے پر وائرل ہونے والی تصویروں اور ویڈیوز میں ہم انہیں سیکوئن کی سجاوٹ سے مرصع ایک شاندار سفید لہنگے میں ملبوس ہمیشہ کی طرح خوبصورت نظر آرہی ہیں۔

کافی قیاس آرائیوں کے بعد بالآخر ماہرہ خان حال ہی میں نے اپنے دوست سلیم کریم سے شادی کر لی ہے۔ (تصویر بشکریہ سوشل میڈیا)

لہنگے سے مماثلت رکھتے ہوئے چولی اور لمبے گھونگھٹ کے ساتھ، ماہرہ خان نے اپنا عروسی روپ مکمل کیا ہوا تھا اور ان کے انتخاب سے ایسا لگتا تھا کہ انہوں نے ایک دلہن کا روپ اختیار کرتے ہوئے نسبتاً سادگی سے کام لیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے اس اہم دن کے لیے ڈیزائنر فراز منان کا انتخاب کیا۔ دولہا کے بارے میں بات کی جائے تو وہ بھی نیلے رنگ کی پگڑی پہنے کالی شیروانی میں کچھ کم اسمارٹ نہیں لگ رہے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp