انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے آنے کے لیے تیار، ورلڈ کپ میں کس کا پلڑا بھاری؟

جمعرات 5 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

4 سال قبل 2019 کے ورلڈ کپ فائنل میں لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ مدمقابل تھے، میچ برابر ہوگیا یہاں تک کہ سپر اوور میں بھی میچ برابر ہی رہا، لیکن باؤنڈری کاؤنٹ پر انگلینڈ کو فاتح قرار دے دیا گیا، یوں انگلینڈ پہلی مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ کا ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پلیئر آف دی سیریز قرار دیے گئے جبکہ بین اسٹوک کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا تھا۔

بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 کا بھی آج سے آغاز ہورہا، احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں 2019 کے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ اور وہیں سے دوبارہ نئے دور کا آغاز ہوگا۔

نیوزی لینڈ کو اپنے کپتان کین ولیمسن کی افتتاحی میچ میں کمی محسوس ضرور ہوگی کیونکہ وہ ابھی تک انجری سے مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئے، ولیمسن کی غیر موجودگی میں ٹام لیتھم نیوزی لینڈ کی کمان سنبھالیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بلے بازی میں جارحانہ کارکردگی پر ہی ہوگا۔ بولنگ میں بلیک کیپس کے لوکی فرگوسن اور انگلینڈ کے مارک ووڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

سپر اوور کی صورت میں کیا ہوگا؟

پچھلی بار تو سپر اوور میں باؤنڈری کاؤنٹ پر انگلینڈ کو فتح دے دی گئی تھی، جس پر بہت سے کرکٹرز نے اعتراض اٹھایا تھا۔ تاہم اس بار آئی سی سی نے نیا رول متعارف کرایا ہے کہ اگر مقابلہ کسی حتمی نتیجے تک نہ پہنچ سکا تو اس بار ٹائی ہونے کی صورت میں، دونوں ٹیمیں اتنے ہی سپر اوورز کا مقابلہ کریں گی جب تک کوئی ٹیم جیت نہیں جاتی۔

ورلڈ کپ 1996 اور یہی احمد آباد کا گراؤنڈ

1996 کے ورلڈ کپ کا آغاز بھی احمد آباد میں ہوا تھا، اور انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ہی مد مقابل تھے، لیکن اس وقت نیوزی لینڈ انگلینڈ کو ہرانے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 11 رنز سے شکست دی تھی۔

دیکھنا یہ ہے کہ آج کے میچ میں کون سے ٹیم کا پلڑا بھاری رہتا ہے اور کون سے ٹیم آج کا میچ جیتے گی۔ دونوں ٹیموں کے کپتان پر اعتماد دکھائی دے رہے ہیں، گزشتہ روز ہونے والی کیپٹینز میٹنگ میں بھی دونوں کپتانوں نے جیت کے عزم کا بھرپور اظہار کیا تھا۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ ورلڈ کپ میں کتنی بار آمنے سامنے آچکے ہیں

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ اب تک 10 بار ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آچکے ہیں، دونوں ٹیمیں 5،5 میچ جیت چکی ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک سب سے بڑا اسکور 322 ، جبکہ نیوزی لینڈ نے سب سے زیادہ 239 اسکور کیے۔ انگلینڈ نے سب سے کم 123 اور نیوزی لینڈ نے سب سے کم 125 اسکور کیے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی بھی میچ ٹائی نہیں ہو سکا۔

پچ کنڈیشن

کرک انفو کے مطابق بھارت میں ہمیشہ سے بیٹنگ پچ ہی بنائی جاتی ہے، اور احمد آباد کرکٹ گراؤنڈ میں بھی پچ کی کنڈیشن آئی پی ایل 2023 کے فائنل کی پچ کی طرز پر بنائی گئی ہے۔ اس پچ پر 350 سے زیادہ کا ٹارگٹ ہی دوسری ٹیم کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

انگلینڈ کے اسکواڈ میں جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، جوس بٹلر(کپتان)، لیام لیونگ اسٹون، سیم کرن، کرس ووکس، مارک ووڈ، عادل رشید، ریس ٹوپلی شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں ول ینگ، ڈیون کونوے، ڈیرل مچل، گلین فلپس، ٹام لیتھم (کپتان)، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ایش سودھی، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن،  ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp