تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے، مریم نواز

جمعرات 5 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف مریم نواز نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، اب سیاسی اختلافات بھلا کر پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی ونگ کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں ایک شخص نے آگ اور خون کی ندیاں بہائیں، ہر طبقے کو اپنے مذموم مقاصد کے لیئے استعمال کیا، جس نے بھی یہ غلط  کام کیا وہ آج اپنے انجام کو پہنچ گیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہے ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دِن واپس آ رہے ہیں، اِن شاء اللّٰہ 21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی اور پاکستان کی خوش حالی واپس آ رہی ہے۔

انہوں نے کہ 2013ء سے 2018ء تک نوازشریف دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی، نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو اقتدار سے نکالا تو ملک سے امن و سکون بھی نکل گیا۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ تحریکِ پاکستان میں اقلیتوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، آج پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں، ہم سب پاکستانی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسیحی برادری کو جس طرح گھروں سے باہر رہنا پڑا وہ ہم سب کے لیے انتہائی قابل افسوس اور باعث شرم ہے، سانحہ جڑانوالہ نے ہمارے سر شرم سے جھکا دیے، افسوس ہے کہ اتنی بڑی مسیحی برادری کو تحفظ نہیں دیا جا سکا، سانحہ جڑانوالہ پر مسیحی اور اقلیتی برادری کو جو تکلیف پہنچی اس پر پاکستانیوں کی طرف سے معذرت کرتی ہوں۔

انہوں نے خطاب کے دوران مزید کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے اقلیتوں کے ساتھ ہمیشہ یک جہتی کی، نواز شریف کرسمس والے دن پیدا ہوئے، اقلیتوں کے احترام اور یک جہتی والا جذبہ لے کر بڑی ہوئی ہوں، مینارِ پاکستان پر مل کر پاکستان کی ترقی کا عہد کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈویژنل سطح پر اقلیتی ونگ کے کنونشنز انتہائی متاثر کن اور قابلِ تعریف تھے، اقلیتیں 21 اکتوبر کو بھرپور انداز میں قائد نواز شریف کا استقبال کریں گی۔ اجلاس میں مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے نمائندوں اور عہدیداران نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp