’لہور لہور اے‘، 15 روزہ میلے کی تیاریاں عروج پر

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مزیدار اور چٹخارے دار روایتی کھانے، رنگ و بو میں لپٹی ثقافت، میلے ٹھیلے، رات گئے تک جاری رہنے والی رونق اور گہما گہمی، ماضی کا لاہور ایسا ہی ہوا کرتا تھا، ملک ہی نہیں بلکہ دنیا کے کونے کونے سے لوگ لاہور کے رونق میلے دیکھنے آتے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لاہور کی انتظامیہ اور وہاں کے لوگوں کی ترجیحات بھی بدلتی رہیں اور اب تو خدشہ رہتا ہے کہ لوگ اس منفرد اور خوبصورت ثقافت کو فراموش ہی نہ کر دیں۔

اس بار کچھ الگ ہے؟

تاہم اب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر لاہور کی قدیم روایات اور ثقافت کو پھر سے زندہ کرنے کے لیے ایک 15 روزہ میلے ’لہور لہور اے‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس سے صرف لاہور کے شہری ہی نہیں بلکہ صوبے اور ملک کے دیگر شہروں سے آئے لوگ بھی خوب لطف اندوز ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی محسن نقوی کے زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں انہیں ’لہور لہور اے‘ میلے کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ’لہور  لہور اے‘ میلے کے لئے بہترین انتظامات اورمنفرد پروگرامز پیش کریں اور ان پروگرامز میں شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے۔

تاریخی مقامات پر تقریبات

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مختلف ممالک کے سفیروں کو بھی ثقافتی میلے میں شرکت کے لئے مدعو کیا جائے گا، میلے میں عوام کی تفنن طبع کے لئے لاہور کے تاریخی مقامات پرمختلف تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے گا، کھیل، موسیقی، آرٹ، ادب اوردیگر تقاریب میں عوام کی دلچسپی کے پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ نامور قوال اور  گلوکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔

ایونٹس اور مقابلے

’لہور لہور اے‘ میلے میں میوزک کنسرٹ، تھیٹر، پپٹ شو اور آرٹ کی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ لاہور کی 18 بڑی یونیورسٹیوں کے درمیان تھیٹرکے مقابلے بھی منعقد کرائے جائیں گے۔ میلے کے تحت ا لحمراء آرٹس کونسل میں 7 روزہ کتابوں کی نمائش لگائی جائے گی،  میلے میں کھیلوں کے ایونٹس بھی ہوں گے جن میں نائٹ نیزہ بازی، کبڈی اور روایتی کھیل  ہوں گے، میلے میں وینٹیج بائیک، سائیکل اور دیگر گاڑیوں کے شو بھی ہوں گے۔

جیلانی پارک کی رنگا رنگ تقریب

لاہور کی منتخب سڑکوں کی خوبصورت روشنیاں سے سجاوٹ کی جائے گی جبکہ جیلانی پارک میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ڈرون کے ذریعے ہیری ٹیج تھرو لیزر شو، ہسٹری بائی نائٹ اور پنجاب تھرو ایجز شو پیش کئے جائیں گے، اس تقریب میں چاروں صوبوں کی ثقافت کی عکاسی کی  جائے گی، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام منفرد انداز سے فوڈ اسٹالز لگائے جائیں گے۔

صوبائی وزیراطلاعات وثقافت عامر میر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری، سیکریٹریز اطلاعات، سپورٹس، سیاحت، خزانہ، کمشنرلاہور، ڈی جی سپورٹس، ڈی جی پی ایچ اے، ڈپٹی کمشنراورمتعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp