ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، نیدرلینڈز کے خلاف جیت کا سہرا بولرز کو جاتا ہے، بابر اعظم

جمعہ 6 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ نیدرلینڈز کے خلاف فتح کے بعد ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، جیت کا تمام کریڈٹ ہمارے بائولرز کو جاتا ہے۔

 جمعہ کو بھارتی شہر حیدرآباد میں نیدرلینڈز کے خلاف اپنے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں شاندار فتح کے بعد میچ کی اختتامی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران ہمارا آغاز اچھا نہ تھا ہم نے ابتدا میں ہی 3 وکٹیں گنوا دیں، اس کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی قیادت میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعود شکیل اور محمد رضوان کی کی شاندار بیٹنگ کی جتنی تعریف کی جائے اتنی کم ہے، انہوں نے اپنی شاندار ففٹیز سے ٹیم کے اسکور کو فائٹنگ اسکور تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ سعود شکیل نے جس طرح اپنی اننگز کو آگے بڑھایا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی پارٹنر شپ کی صلاحیتوں میں نکھار آیا ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ ہمارے بولرز نے پہلے 10 اوورز میں انتہائی اچھی بولنگ کرکے نیدرلینڈز ٹیم کے بیٹرز پر دباؤ ڈالا اور درمیان میں وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، بولرز اپنے پلان پر ڈٹے رہے جس سے کامیابی ملی۔

بابراعظم نے حیدرآباد کے شائقین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے شائقین نے ہمیں بہت پیار دیا، ہم ان کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp