سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اپنے سابق 10 ارکان اسمبلی سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ لاہور میں عمران خان سے اپنے 10 ساتھیوں کے ہمراہ ملاقات کے بعد انہوں نے اپنی جماعت کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
زمان پارک لاہور میں عمران خان سے 10 سابق ارکان پنجاب اسمبلی کے ہمراہ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ہم ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ساتھیوں کو مضبوط کریں گے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر فواد چوہدری نے بتایا کہ طویل بحث کے بعد آج پرویز الٰہی اور دیگر رہنما نے ق لیگ کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ آج کے بعد پی ٹی آئی کا حصہ ہوں گے۔
’ہم آج شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ نئے پاکستان کا خواب پورا ہوگا۔ پرویز الٰہی نے عمران خان کا ساتھ دیتے ہوئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔‘
پرویز الہٰی نے باقاعدہ طور پر پی ٹی آئی کو جوائن کر لیا ہے-@fawadchaudhry pic.twitter.com/aETTAIs5GT
— PTI (@PTIofficial) February 21, 2023
پرویز الہٰی کے اصرار پر فواد چوہدری نے بتایا کہ پرویز الٰہی کو پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت نے صدر بنانے کی منظوری دی ہے۔ جس پر پارٹی کے آئین کے مطابق عمل درآمد ہوگا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پرویزالٰہی کو پارٹی عہدے سے برخاست کرتے ہوئے انکی پارٹی رکنیت ختم کردی ہے اور انکی جانب سے مقرر کردہ افراد سے بھی پارٹی عہدے واپس لے لیے گئے ہیں۔
پارٹی اعلامیہ کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو گزشتہ ماہ لاہورمیں ق لیگ کا غیرآئینی اجلاس بلانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ پرویزالٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں آئندہ مسلم لیگ (ق) کا نام استعمال کرنے سے بھی منع کردیاگیا ہے۔