مگر مچھ عام طور پر دریاؤں، جھیلوں، دلدلوں، تالابوں اور کھارے پانیوں میں رہتے ہیں۔ آپ نے کئی دستاویزی فلموں میں انہیں ہرن، زیبرا، جنگلی بھینسوں اور دیگر جانوروں کا شکار کرتے ہوئے تو دیکھا ہوگا، لیکن ایک بھوکا مگرمچھ کیا کچھ کھا سکتا ہے یہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔
خبر ہے کہ جنوبی افریقہ میں ایک بھوکے مگر مچھ نے دریا کے کنارے ایک اژدھے کو اس وقت اپنے مضبوط جبڑوں میں دبوچ لیا جب وہ پانی پینے کی غرض سے دریا کے کنارے آیا تھا۔ یہ واقعہ ایک خاتون گائل ایریسمس کی آنکھوں کے سامنے پیش آیا ہے۔
مزید پڑھیں
گائل آنکھوں دیکھا حال بیان کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ گزشتہ ماہ ان کا کروگر نیشنل پارک جانا ہوا، وہ دریا کے پل کے اوپر کھڑے ہو کر پارک کا نظارہ کر رہی تھیں کہ اچانک انہیں پانی کے شور کی آواز آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جب بھی اس پارک میں آتی ہیں تو اس پل پر آکر اکثر رک جاتی ہیں کیونکہ انہیں یہاں ہر بار کچھ نا کچھ نیا دیکھنے کو ملتا ہے۔ واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اس جانب دیکھا جہاں سے پانی کے شور کی آواز آئی تھی تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ ایک مگر مچھ نے ایک لمبے اور موٹے تازے اژدھے کو اپنے جبڑوں میں دبوچ رکھا ہے۔
گائل نے بتایا کہ یہ منظر ان کے لیے حیران کن تھا، اس سے قبل انہوں نے کبھی کسی مگر مچھ کو اژدھے کا شکار کرتے ہوئے نہیں دیکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مگر مچھ اژدھے کو چٹکیوں میں چٹ کر گیا۔ ان کا خیال ہے کہ مگر مچھ بہت زیادہ بھوکا اور اژدھا بہت زیادہ پیاسا تھا لیکن اژدھے نے پانی پینے کے لیےغالباً غلط وقت کا انتخاب کیا تھا۔