عوام پریشان ہے، اسی لیے نواز شریف واپس آرہے ہیں، مریم نواز

بدھ 11 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ قائد ن لیگ نواز شریف عوام کی پریشانیاں دور کرنے، ملک میں بے روزگاری اور دہشت گردی سمیت بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے وطن واپس آرہے ہیں۔

مریم نواز نے این اے 128 اور این اے 129 کی یونین کونسلوں کے چئیرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں سے ملاقات میں 21 اکتوبر کی تیاریوں سے متعلق مشاورت کی اور نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام پریشان ہے، اسی لیے نوازشریف واپس آرہے ہیں، وہ پاکستان کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے وطن واپس آرہے ہیں، نوجوان ، مزدور، دیہاڑی دار بے روزگار ہیں، ان کو روزگار دینے کے لیے نوازشریف واپس آرہے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ مشکلات سے کیسے نکلیں، اس کا حل بتانے کے لیے نوازشریف واپس آ رہے ہیں، وہ اس لیے بھی واپس آ رہے ہیں کیونکہ ملک میں دہشت گردی لوٹ آئی ہے۔

دریں اثنا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے آج برطانوی پولیٹیکل کونسلر زوئی ویئر نے ملاقات کی اور آئندہ انتخابات، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن بھرپور سیاسی قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی، انتخابات کے نتیجے میں ہی ملک میں سیاسی استحکام آئے گا، اس کے بغیر ملکی معیشت کو پیروں پر کھڑا کرنا مشکل ہو گا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو کھائی سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp