لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے صاحبزادے مونس الہی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔
لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں صدر تحریک انصاف پرویز الہٰی اورسابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے حکم دیا کہ گرفتار پرویز الہٰی کو 23 اکتوبر کو جیل سے عدالت میں پیش کیا جائے، ڈائریکٹر ایف آئی اے اور متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹ ان کی عدالت میں پیشی یقینی بنائیں۔
عدالت میں مونس الہٰی کے وکیل نے مونس الہٰی کی جانب سے وکالت نامہ پیش کیا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ وکیل کو ملزم کے بارے میں پتا ہے، فوجداری کارروائی میں ملزم کی ذاتی حیثیت میں پیشی ضروری ہے۔
اسپیشل کورٹ سینٹرل کی کارروائی کے تحریری حکم نامہ کے مطابق مونس الہٰی کے وکلا کو آئندہ سماعت ان کی عدالت پیشی کو ممکن بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔