’دبئی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں‘ UAE کا گولڈن ویزا ملنے پر نسیم شاہ کا اظہار مسرت

جمعہ 13 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو متحدہ عرب امارات نے گولڈن ویزا جاری کر دیا، گولڈن ویزا ملنے کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے نسیم شاہ نے لکھا کہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اُس ملک کا گولڈن ویزا مل گیا جس کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے عرب امارات کا ویزا حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Nasim Shah (@inaseemshah)

اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے شاداب خان، افتخار احمد سمیت دیگر پاکستانی کرکٹرز کو دبئی کا گولڈن ویزہ جاری کیا ہے۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ کندھے کی سرجری کے باعث پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

گولڈن ویزا کیا ہے اور اس کے کیا فوائد ہیں

گولڈن ویزا ایک ایسا اجازت نامہ ہے جس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں طویل مدتی رہائشی اختیار کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جن غیر ملکی مشہور شخصیات کو گولڈن ویزا جاری کیا جاتا ہے وہ خصوصی مراعات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ گولڈن ویزا حاصل کرنے والی شخصیات کو ملک کے اندر رہنے، کام کرنے یا تعلیم حاصل کرنے کے بہترین مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔

گولڈن ویزا کے لیے اہل شخصیات میں سرمایہ کار، کاروباری افراد، سائنسدان، غیر معمولی طلباء اور مشہور شخصیت سمیت انسانی ہمدردی کی کوششوں میں پیش پیش اور فرنٹ لائن ہیروز شامل ہیں۔

گولڈن ویزا قابل تجدید طویل مدتی رہائشی ویزا ہوتا ہے، جو 5 یا 10 سال کی مدت کے لیے درست ہے۔ اس کے علاوہ گولڈن ویزا حاصل کرنے والوں کو رہائش کے لیے اسپانسر کی ضرورت نہ ہونے کا استحقاق بھی دیا جاتا ہے۔

گولڈن ویزا کے اہل افراد رہائشی ویزے کی میعاد کو برقرار رکھتے ہوئے، معیاری چھ ماہ سے زیادہ طویل مدت کے لیے متحدہ عرب امارات سے باہر رہ سکتے ہیں۔

یہ ویزا لامحدود تعداد میں گھریلو مدد گاروں اورملازمین کو اسپانسر کرنے کی اجازت بھی دیتا ہے۔

گولڈن ویزا ہولڈر کے انتقال کی صورت میں فیملی کے لیے اجازت نامے کی میعاد ختم ہونے تک متحدہ عرب امارات میں رہائش رکھی جا سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp