‘سوا لاکھ بندہ چپ کروانے کے لیے فائر چاہیے ہوتا ہے’

ہفتہ 14 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستان کی انتہائی مایوس کن کارکردگی نے جہاں کروڑوں پاکستانیوں کو دلبرداشتہ کیا ہے وہیں دنیائے کرکٹ کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر بھی اس افسوسناک کارکردگی پر پھٹ پڑے ہیں۔

اس وقت دماغ بہت گرم ہے

شعیب اختر نے اپنی پے در پے ٹوئٹس میں جن جذبات کا اظہار کیا ہے وہ ان کے غصہ اور دکھ  کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔ شعیب اختر نے ایک ٹائٹ میں لکھا ہے کہ ’ اس وقت دماغ بہت گرم ہے‘۔ جب کہ اس ٹوئٹ سے کچھ پہلے جب کہ پوری پاکستانی ٹیم نے 42.5 اوورز میں 191 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی تو سابق فاسٹ بولر نے ٹوئٹ کی کہ ’سوا لاکھ بندہ چپ کروانے کے لیے فائر چاہیے ہوتا ہے۔ یہ صرف تب ہو سکتا ہے جب آپ کے اندر وہ آگ ہو‘۔

آج کے میچ میں جس طرح پاکستان کی پے درپے وکٹس گریں اس پر شعیب اختر سے نہیں رہا گیا اور ایک ایسے میں موقع پر جب کہ 34اوورز ہوچکے تھے شعیب اختر نے دلبرداشتہ ہو کر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے ناصرف پاکستانی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ انڈین ٹیم بالخصوص اس کے کپتان روہت شرما کی بھی تعریف کی۔

پاکستان اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکا

شعیب اختر نے اپنی اس ویڈیو میں کہا کہ آپ نے میچ دیکھ لیاہے کیا خوبصورت وکٹ تھی۔ کیا زبردست پلیٹ فارم ملا ساری ٹیم کو، انہوں نے عبداللہ شفیق، امام اور بابر کا نام لیکر کہا کہ ان سب کو کمال پلیٹ فارم ملا مگر پاکستان اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس وہ ٹیلنٹ نہیں تھا جس کو کام میں لاکر فائدہ اٹھایا جاسکتا۔ انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ پاکستان نے گیم گنوا دیا، یہ بہت مایوس کن صورتحال ہے۔ شعیب اختر نے وکٹ کے حوالے سے کہا کہ اچھی وکٹ ہے جہاں بال اوپر نہیں آرہا تو کیوں ’کراس وکٹ‘ کھیل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 34 اوور میں 6 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ہیں، پاکستان نے بہت شاندار میچ گنوا دیا ہے۔

روہت شرما کی کیپٹن شپ امیزنگ رہی

شعیب اختر نے بھارتی ٹیم کے کپتان روہٹ شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا نے روہت شرما کی شاندار کپتانی میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں اس کی کیپٹن شپ امیزنگ رہی۔

شعیب اختر نے روہت شرما کے حوالے سے مزید کہا کہ وہ زبردست باؤلرز کو لائے اور انہوں نے باؤلنگ میں زبردست چینجز کیں جس کی وجہ سے انڈیا میچ میں رہا ہے۔

سمجھ نہیں آیا کہ بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ پاکستان کو کیوں دی؟

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ جس وقت پاک بھارت کرکٹ ٹاکرے کا آغاز ہوا اور انڈیا نے ٹاس جیت کرپاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تب شعیب اختر نے روہت شرما کے فیصلے پر خاصی حیرت کا اظہار کیا تھا اور اس حوالے سے ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ میری سمجھ نہیں آیا کہ بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ پاکستان کو کیوں دی؟ میرے خیال میں یہ درست فیصلہ نہیں۔ میں تو بہت خوش ہوں کہ پاکستان کو بیٹنگ ملی ہے۔

ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے پرواز کا موقع ہے۔ دیکھیں کیا ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp