پشاور ہائیکورٹ کی پاکستانی خاتون کے افغان شوہر کو شہریت کے لیےوزراتِ داخلہ سے رجوع کی ہدایت

ہفتہ 14 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی خاتون سے شادی کی بنیاد پر شہریت کے لیے عدالت سے رجوع کرنے والے افغان باشندے کو پشاور ہائی کورٹ نے محکمہ داخلہ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

پشاور ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ جس کے مطابق پاکستانی خاتون زینت بی بی نے پشاور ہائی کورٹ میں ایک رٹ پیٹیشن دائر کی تھی جس میں انہوں عدالت سے اپنے شوہر، جو کہ افغان باشندہ ہے کو پاکستانی شناختی کارڈ دینے کی استدعا کی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل سیف محب اللہ کاکا خیل نے سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ خاتون کی شادی افغان باشندے سے ہوئی ہے اور دونوں پاکستان میں رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ دلائل دیے کہ پاکستانی مرد سے شادی کے بعد خاتون کو شہریت مل جاتی ہے لیکن مردوں کو نہیں۔

درخواست گزار نے رولز کے مطابق عمل نہیں کیا

تحریری فیصلے میں رٹ پر سوال اٹھایا گیا ہے۔ فیصلے میں لکھا ہے کہ درخواست گزار نے رولز کے مطابق عمل نہیں کیا اور محکمہ داخلہ کے بجائے پہلے عدالت سے رجوع کیا۔ مزید لکھا ہے کہ غیر ملکیوں کو شہریت کے لیے قومی شناخت سے پہلے محکمہ داخلہ سے شہریت سرٹیفکیٹ لینا ضروری ہوتا ہے۔ جس کے بعد نادرا سے شناختی کارڈ لیا جا سکتا ہے۔

 

WP3040.20230001 by akkashir on Scribd

قانونی تقاضے پورا کرنے کی ہدایت کی

پشاور ہائیکورٹ نے دراخواست گزار سے قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی۔ لکھا ہے کہ پاکستانی خاتون کے افغان شوہر وزارت داخلہ میں سٹیزن شپ سرٹیفکیٹ کے لیے اپلائی کریں۔

مزید لکھا ہے کہ وزارت داخلہ حکام افغان شہری کے درخواست کو قانون کے مطابق دیکھیں گے۔ جبکہ متعلقہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد درخواست گزار پاکستانی شہریت کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔

پاکستانی اور افغانوں کی باہم شادیاں

افغان مہاجرین کی پاکستان میں آمد کے بعد بڑی تعداد میں پاکستان اور افغان باشندوں نے آپس میں شادیاں کیں ہیں۔ افغان باشندوں سے شادی کرنے والی خواتین کا گلہ ہے کہ حکومت ان کے شوہروں کو شہریت نہیں دے رہی۔ جس کی وجہ وہ عدالتی راستہ اپنانے پر مجبور ہیں۔

زینت بی بی کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ حکومت پاکستانی خواتین کے افغان شوہروں کو شہریت نہیں دے رہی۔ جبکہ افغانستان میں مشکل حالات اور بد امنی کے باعث پاکستانی خواتین اپنے اہل خانہ کے ساتھ پاکستان میں رہائش کے خواہش مند ہیں۔ جبکہ حالیہ حکومتی فیصلے کے بعد ایسے خاندان پریشانی میں مبتلا ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp