قائد ملت لیاقت علی خان کی 72ویں برسی پر صدر، وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے اہم پیغام

پیر 16 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ لیاقت علی خان جدوجہد آزادی کے دوران بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ کھڑے رہے، انہوں نے قوم کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ لیاقت علی خان نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ قائد ملت ملک کی خودمختاری کے بڑے چیمپیئن اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے زبردست حامی تھے۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 16 اکتوبر 2023 کو قائد ملت لیاقت علی خان کی 72ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد ملت لیاقت علی خان کو ان کی برسی کے موقع پر قوم کے لیے ان کی بے پناہ خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ دن ہمیں پاکستان کی آزادی اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قائد ملت کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ لیاقت علی خان شہید نے پاکستان کے ابتدائی برسوں میں قرارداد مقاصد اپنانے اور چیلنجز پر قابو پانے کے لیے نوزائیدہ قوم کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ قائداعظم کے وژن کے مطابق ایک ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کے حصول کے لیے قائدِ ملت نے نئی قائم ہونے والی ریاست کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے انتھک محنت کی تھی۔

صدر علوی نے مزید کہا کہ قائد ملت نے جمہوریت، قانون کی حکمرانی، مہاجرین کی آباد کاری اور بحالی، ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے اور سماجی اور معاشی انصاف کے فروغ کے لیے کام کیا۔ قوم کے ساتھ لیاقت علی خان کی اٹوٹ وابستگی نے قوم کے اجتماعی شعور پر لازوال نشان چھوڑا ہے۔ ایک متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کا قائد ملت کا وژن ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔

صدر نے کہا کہ آئیے نہ صرف لیاقت علی خان کی قربانیوں اور خدمات کو یاد کریں بلکہ ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں جہاں انصاف، مساوات اور اتحاد ہو۔ آئیے قائد ملت لیاقت علی خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک بہتر اور خوشحال پاکستان کے لیے کام کریں۔ اللہ تعالیٰ قائد ملت کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے نظریات آنے والی نسلوں تک ہماری رہنمائی کرتے رہیں۔

لیاقت علی خان قربانی، سادگی اور شائستگی کی علامت تھے: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آج ہم اپنے ملک کے بانیوں میں سے ایک اور اس کے پہلے وزیراعظم نوابزادہ لیاقت علی خان کو یاد کر رہے ہیں، جنہیں آج ہی کے دن 1951 میں قتل کر دیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں انوار الحق کاکڑ نے لکھا کہ لیاقت علی خان قربانی، سادگی اور شائستگی کی علامت تھے، جنہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر کے ساتھ مل کر پاکستان کی جدوجہد کی قیادت کی۔ آئیے ان کی خدمات اور وژن کو خراج تحسین پیش کریں۔

شہید لیاقت علی خان ہماری قومی اور سیاسی تاریخ کا روشن باب ہیں، راجا پرویز اشرف

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید لیاقت علی خان کی 72ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید لیاقت علی خان ہماری قومی اور سیاسی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ شہید لیاقت علی خان کا شمار  تحریک آزادی پاکستان کے صف اول کے رہنماؤں میں ہوتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہید لیاقت علی خان نے تحریک آزادی پاکستان میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا بھرپور ساتھ دیا۔ قیام پاکستان کے بعد ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں شہید لیاقت علی خان نے نا قابل فراموش کردار ادا کیا۔ شہید لیاقت علی خان کی ملک وقوم کے لیے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp