26 مقدمات لڑنے اور 26 ہی جیتنے والا جعلی وکیل بالآخر پکڑا گیا

منگل 17 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیا کی ہائی کورٹ کے وکیل کے طور پر 26 مقدمات جیتنے والے مبینہ جعلی وکیل برائن موینڈا کو کینیا کی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

کینیا کی لا سوسائٹی کی نیروبی برانچ کی ریپڈ ایکشن ٹیم نے بہت ساری عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد 26 مقدمات جیتنے والے کینیا کے بہروپیے وکیل کوگرفتار کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، برائن موینڈا کافی عرصے سے خود کو ایک قابل وکیل کے طور پر پیش کرنے میں کامیاب رہے اور ججوں نے ان کی حالیہ گرفتاری تک ان کی صلاحیتوں پر شک نہیں کیا۔

ابلیت کے بغیر وکالت کرنے پر برائن موینڈا کوجہاں ان دنوں قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے وہیں عوام یہاں تک کہ ایک اہم سیاستدان تک ان کی حمایت پر کمر بستہ نظر آتے ہیں، بظاہر قابل مگر اس نام نہاد وکیل کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہیں۔

گزشتہ روز کینیا میں عدالتی حکام نے پولیس پر برائن مووینڈا کے نام سے وکالت کرنے والے ایک شخص کی گرفتاری پر زور دیا۔ ان کے مطابق یہ شخص ایک بہروپیا ہے جس نے ایک حقیقی وکیل برائن میونڈا نٹویگا کی شناخت چرا لی تھی۔

تاہم اس الزام کا سامنا کرنیوالے برائن میونڈا کا موقف ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور انہوں نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو ان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ’جعلی وکیل‘ نے تربیت نہ ہونے کے باوجود درجنوں مقدمات جیت لیے ہیں۔ اس ضمن میں خبروں نے پچھلے کچھ دنوں سے مشرقی افریقی ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس پر خاص و عام کی جانب سے غم و غصے سے لے کر تفریحی ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

لا سوسائٹی آف کینیا سمیت پبلک پروسیکیوشنز ڈائریکٹر کی مذمت کے باوجود، مبینہ طور پر ’جعل ساز وکیل‘ نے کئی حامیوں کو اکٹھا کر لیا ہے۔ یہاں تک کہ کینیا کی سینٹرل آرگنائزیشن آف ٹریڈ یونینز نے بھی انہیں ایک ’شاندار نوجوان ذہن‘ کے طور پر سراہا ہے جس نے روایتی قابلیت کے بغیر مقدمات میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اس مبینہ جعل ساز وکیل کو کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے متنازعہ سابق گورنر مائیک سونوکو کی بھی حمایت حاصل رہی ہے۔ مائیک سونوکو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کے ساتھ کھڑا شخص ملزم ’جعلی وکیل‘ ہے۔

ویڈیو میں نظر آنے والے برائن میوینڈا کہتے ہیں کہ وہ ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے، جو ان کی حمایت اور دعا کر رہے ہیں۔ ’وقت کے ساتھ ساتھ میں اس غلط فہمی کو دور کر سکوں گا اور اپنی بے گناہی اور اصل سیاق و سباق فراہم کرنے کے قابل بھی رہوں گا۔‘

برائن میونڈا نے بتایا کہ وہ جلد پولیس اسٹیشن جاکر اپنا بیان دیں گے۔ دوسری جانب منشیات کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا کرنیوالے مائیک سونوکو نے معترضین کو بے وقوف قرار دیتے ہوئے کہا کہ برائن میونڈا نے کبھی کسی کو قتل کیا نہ ہی وہ دہشت گرد ہے۔‘

اس حمایت کے باوجود، کینیا کے پبلک پراسیکیوشنز کے ڈائریکٹر رینسن میولے انگونگا  کا کہنا ہے کہ برائن میوینڈا کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے، اس ضمن میں نیشنل پولیس سروس کے انسپکٹر جنرل کو تیز رفتار جامع تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

رینسن میولے انگونگا  کے مطابق برائن میونڈا کا یہ کیس انوکھا نہیں ہے، کیونکہ انہوں نے کینیا کی ہائی کورٹ کے وکیل ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے نااہل افراد کے بڑھتے ہوئے مقدمات دیکھے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp