آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 15ویں میچ میں نیدرلینڈز نے اپنے مضبوط بولنگ اٹیک کی بدولت جنوبی افریقہ کو 38 رنز سے شکست دیکر اس ورلڈ کپ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ کر دیا۔
نیدر لینڈز کی جانب سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا، لوگن وین بیک نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پال وین میکرین، باس ڈی لیڈے اور ریلوف وین مروے نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔ کولن ایکرمین نے ایک کھلاڑی کو ٓٓؤٹ کیا۔
نیدر لینڈز کے 245 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 207 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے صرف 2 کھلاڑی 40 کا ہندسہ عبور کر سکے، ڈیوڈ ملر نے 52 گیندوں پر 43 اور کیشو مہاراج نے 37 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی اوپنر جوڑی کپتان ٹیمبا بووما اور کوئنٹن ڈی کوک نے بالترتیب 16 اور 20 رنز بنائے، راسی وین ڈیر ڈوسن 4، ایڈن مارکرم 1، ہینرک کلاسن 28، مارکو جانسن 9، جیرالڈ کوٹزی 22، کاگیسو ربادا 9 اور لنگی نگیڈی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیدر لینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 246 رنز کا ہدف دیا ۔ بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا اور نتیجتاً 43 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

بھارتی شہر دھرم شالا کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ سے قبل جنوبی افریقہ نے نیدر لینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیدر لینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 43 اوورز میں 245 رنز بنائے اور اس کے 8 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے نیدر لینڈز کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری، اوپنر وکرم جیت سنگھ 16 بالز کھیلنے کے بعد 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ نیدرلینڈ کی دوسری وکٹ 24 رنز پر گری جب دوسرے اوپنر میکس او ڈاؤڈ 25 بالز پر 18 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

نیدر لینڈز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر باس ڈی لیڈے تھے جنہوں نے 7 گیندوں پر 2 رنز بنائے، کولن ایکرمین 25 گیندوں پر 18 رنز، سائبرینڈ اینجلبرچٹ 37 بالز پر 19 رنز، تیجا ندامانورو 25 بالز پر 20 رنز، لوگن وین بیک 27 گیندوں پر 10 رنز اور ریلوف وین مروے 19 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیدر لینڈز کی جانب سے کپتان سکاٹ ایڈورڈز ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 69 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اور ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیڈی، مارکو جانسن اور کاگیسو ربادا نے 2، 2 وکٹیں جبکہ جیرالڈ کوٹزی اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنے دونوں میچز میں کامیاب رہی ہے جبکہ نیدر لینڈز کو دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اپنے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 134 رنز سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب نیدرلینڈز کو اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں 81 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 99 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
نیدر لینڈز اسکواڈ:
سکاٹ ایڈورڈز (کپتان) وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ ،کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈے، تیجا ندامانورو، سائبرینڈ اینجلبرچٹ، ریلوف وین مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، پال وین میکرین
جنوبی افریقہ اسکواڈ:
ٹیمبا بووما (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، لنگی نگیڈی، جیرالڈ کوٹزی
کس کا پلڑا بھاری
ون ڈے میچز میں دونوں ٹیمیں 8 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جس میں جنوبی افریقہ نے 6 اور نیدر لینڈز نے ایک بار کامیابی حاصل کی اور ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا۔ ون ڈے ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں 4 بار مدمقابل آئیں جس میں جنوبی افریقہ کو نیدرلینڈز کے خلاف اب 3-1 کی برتری حاصل ہے۔














