ٹانک میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں خاتون سمیت 4 پولیو ورکرز اغوا

منگل 17 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں انسداد پولیو مہم کے بعد مانیٹرنگ کے لیے جانے ٹیم میں شامل ایک خاتون سمیت 4 اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے ۔

ٹانک پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ نواحی علاقے تھانہ مرید اکبر کی حدود عمر خان کلے میں پیش آیا جہاں مانیٹرنگ ٹیم انسداد پولیو مہم کے بعد مانیٹرنگ کے لیے گئی تھی مگر وہاں پر نامعلوم افراد نے ٹیم میں شامل ایک خاتون سمیت 4 اہلکاروں کو اغوا کر لیا جن کی بازیابی کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

ٹانک پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تلاش شروع کر دی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک نے اغوا ہونے والے افراد کی جلد اور بحفاظت بازیابی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جو واقعہ کی تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون سمیت چار افراد پر مشتمل ٹیم اس علاقے میں مانیٹرنگ کے لیے گئے تھے کہ کوئی بچہ انسداد پولیو مہم کے دوران قطرے پینے سے رہ تو نہیں گیا، ٹیم اپنے کام میں مصروف تھی کہ نامعلوم افراد انھیں اغوا کرکے اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔

پولیو ورکرز کو پولیس سیکیورٹی کے بغیر ڈیوٹی پر جانے کی اجازت نہیں ہوتی

پولیس کے مطابق پولیو مہم اور ورکرز کی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں اور پولیو ورکرز کو پولیس سیکیورٹی کے بغیر ڈیوٹی پر جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مانیٹرنگ پر جانے والی ٹیم پولیس کو اطلاع دیے بغیر یا سیکیورٹی طلب کیے بغیر اس علاقے میں گئی تھی۔

اغوا ہونے والے افراد کی بازیابی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس محکمہ صحت اور پولیو حکام سے رابطے میں ہے اور اغوا ہونے والے افراد کی بازیابی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاہم انہیں ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ٹانک قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے ساتھ واقع ہے اور انہیں شبہ ہے کہ پولیو ٹیم کو اغوا کرنے کے بعد جنوبی وزیرستان منتقل کیا گیا ہے، تاہم پولیس ابھی واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp