راجن پور پولیس 7 سالہ بچے کے اندھے قتل کا سراغ لگانے میں کامیاب، معصوم بچے کی قاتل اس کی ممانی نکلی جس نے ساتھی ملزمان کی مدد سے بچے کو گلہ گھونٹ کر بے دردی سے قتل کیا اور پھر اس کی نعش نہر میں بہا دی تھی۔
بیٹا سودا سلف لینے باہر گیا تھا
تفصیلات کے مطابق 8 اکتوبر کو مقتول شملہ شاہ کے والد نے تھانہ لعل گڑھ پولیس کو اپنے بیٹے کی گمشدگی کی اطلاع دی کہ اس کا بیٹا سودا سلف لینے کے لیے گیا اور کافی دیر گزرنے کے باوجود گھر نہیں لوٹا۔
مزید پڑھیں
پولیس نے بچے کی گمشدگی کی اطلاع پر ابتدائی قانونی کارروائی کرنے کے بعد تمام تر وسائل بروئے کارلاتے ہوئے بچے کی تلاش شروع کر دی گئی۔ پولیس کی جانب سے گمشدہ بچے کی تلاش کے لیے مساجد میں بھی اعلانات کروائے گئے۔
نہر میں بہتی نعش
اگلے روز تھانہ داجل کی حدود میں اہل علاقہ نے نہر پل وہابی میں بہتی ہوئی نعش کی اطلاع پولیس کو دی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نعش کو نہر سے نکالا۔ بعد ازاں نعش کی شناخت گمشدہ بچے شملہ شاہ کے نام سے ہوئی۔
پولیس ٹیم کی تشکیل
پولیس نے بچے کی نعش ملنے کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ دوسری جانب ڈی پی او راجن پور کی جانب سے بھی واقعہ کا فوری نوٹس لیا گیا اور بچے کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں 6 پولیس افسران پر مشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس میں سی آئی اے افسران اور آئی ٹی ماہرین بھی شامل تھے۔

تفتیش کا آغاز
پولیس ٹیم کی جانب سے اس اندھے قتل کا سراغ لگانے کے لیے جدید ذرائع اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا گیا، شب و روز کی کاوشوں اور پیشہ وارانہ تفتیش کی بدولت پولیس مقتول شملہ شاہ کے قاتلوں کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوگئی۔ دوران تفتیش یہ انکشاف ہوا کہ بچے کی قاتل اس کی ممانی ثمینہ بی بی تھی۔
واقعہ کے روز کیا ہوا؟
واقعہ کے روز مقتول ثمینہ بی بی زوجہ نصراللہ شاہ مقتول شملہ شاہ کو بہلا پھسلا کر گھر سے لے گئی اور اپنے ساتھی قاسم ماچھی اور دیگر ملزمان کی معاونت سے معصول بچے کے گلے میں رسی ڈال کر اسے بے دردی سے گلہ گھونٹ کر قتل کر دیا۔
ملزمان کا اعتراف جرم
تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بچے کو قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو بوری میں بند کر کے نہر پل وہابی میں بہا دیا تھا۔ پولیس گرفتار سفاک ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ورثا کو انصاف دلوائیں گے، ڈی پی او
ڈی پی او راجن پور کیپٹن (ر) دوست محمد نے اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی پروفیشنل پولیس افسران پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی گئی جو اپنی قابلیت اور جامع تفتیش کی بدولت معصوم شملہ شاہ کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ٹھوس شواہد کی روشنی میں تفتیش کو مکمل کر کے گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی تاکہ ورثا کو انصاف مل سکے۔ ڈی پی او راجن پور کا مزید کہنا تھا کہ قاتلوں کی گرفتاری میں پولیس ٹیم کی شب و روز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور پوری پولیس ٹیم تعریف کی مستحق ہے۔