ورلڈ کپ کے آئندہ میچز جیت کر قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، محمد رضوان

بدھ 18 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کرکٹر اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے ایک میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی لیکن قومی ٹیم نے ہمت نہیں ہاری، آئندہ میچز میں جیت کی بھرپور کوشش کریں گے اور قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان میں محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ہمیں پیغامات ملے ہیں کہ ایک میچ ہارنے سے کچھ نہیں ہوتا، انہوں نے پاکستان کرکٹ کے نغمے ’ہمیں تم سے پیار ہے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جیسے ہم ہاریں یا جیتے قوم کو ہم سے پیار ہے، اسی طرح ہمارے دلوں میں بھی قوم کی محبت ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، پاکستان نے بھی بھارت کو ہرایا ہوا ہے، لیکن ہمیں معلوم ہے کہ جیسے پاکستانی قوم اپنی ٹیم کو دعائیں اور محبت دیتی ہے بالکل ویسے ہی قومی ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی کے دل میں قوم کی محبت ہے اور وہ جانتے ہے کہ قوم ان سے کیا چاہتی ہے، ورلڈ کپ کے آئندہ میچز میں قوم کو اچھا رزلٹ دیں گے۔

محمد رضوان نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں ہر ٹیم کچھ نہ کچھ کامیابی حاصل کر کے پہنچتی ہے، ورلڈ کپ کا ہر میچ اہم ہے مگر اچھی ٹیموں کے ساتھ مقابلے میں اسکلز اور گیم کا شعور ہونا اہم ہیں، ہماری اسکلز بہتر ہیں لیکن گیم سے متعلق مزید شعور پیدا کرنا ہوگا اور فیلڈنگ کے شعبہ کو بہتر بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ابھی تک غیر متوقع ٹیم کہا جا رہا تھا جو کہ بالکل درست ہے کیونکہ پاکستان کے پاس دنیا کے ٹاپ بولرز ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی درست ہے کہ ورلڈ کپ میں اسپنرز آؤٹ نہیں کر پارہے، لیکن اس کے باوجود اسپنرز بولنگ اچھی کر رہے ہیں، پاکستان کے اسپنرز شاداب خان اور محمد نواز پر ہمیں اعتماد ہے کہ وہ کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ پاکستانی فینز نے ہمیشہ قومی ٹیم کو سپورٹ کیا ہے، ہم نے جیسا بھی پرفارم کیا پاکستانی فینز نے ہمیں سپورٹ کیا ہے، ہم جب پاکستان میں کسی سپاہی، ڈاکٹر، تاجر یا کسی بھی عام آدمی سے ملتے ہیں تو ہمیں اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ہم سے کیا توقعات رکھتے ہیں، اس ورلڈ کپ میں ہم بھی ان کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp