بھارتی پولیس نے پاکستانی تماشائیوں کو ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگانے سے روک دیا، ویڈیو وائرل

جمعہ 20 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا میچ اس وقت (جب یہ خبر لکھی جارہی ہے) بھارت کے شہر بنگلورو میں جاری ہے۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 368 رنز کا ہدف دیا ہے۔

میچ کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈٰیو وائرل ہو رہی ہے جس میں سیکورٹی پر معمور بھارتی پولیس اہلکار پاکستانی تماشائیوں کو ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگانے سے روک رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی پولیس اہلکار ایک پاکستانی تماشائی کو پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے سے روتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ آپ ’بھارت ماتا کی جے‘ کا نعرہ تو لگا سکتے ہیں لیکن آپ ’پاکستان زندہ باد‘ نہیں کہہ سکتے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شائقین بھارتی پولیس کے اس نا مناسب عمل کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

وقاص بلوچ نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بھارت کا پاکستانی شائقین کے لیے یہ رویہ ناقابل برداشت ہے۔

ایک اور ایکس صارف علیشہ عمران نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ واہ کیا منطق ہے؟ آپ پاکستان کا میچ دیکھتے ہوئے پاکستان زندہ باد کیوں نہیں بول سکتے؟۔ کہاں ہیں بھارتی صحافی اور کرکٹرز؟۔

اسپورٹس صحافی فرید خان نے ایکس پر وائرل ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر دینا چاہیے۔ اگر شائقین پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگائیں گے تو کیا کریں گے؟۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے ورلڈکپ میچ کے دوران کراؤڈ کی جانب سے غیر مناسب رویے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے شکایت کی تھی۔ 14 اکتوبر کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں اگرچہ بھارت کی کارکردگی پاکستان پر غالب رہی اور بھارت باآسانی گرین شرٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دینے میں کامیاب ہوگیا لیکن احمد آباد اسٹیڈیم میں موجود شائقین کا نامناسب رویہ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگیا۔

پی سی بی نے آئی سی سی سے پاکستانی صحافیوں کے بھارتی ویزوں کے تاخیر اور ان کی غیر حاضری کی پالیسی پر احتجاج بھی کیا۔اس کے علاوہ پی سی بی نے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی شائقین کرکٹ کی ویزہ میں تاخیر پر بھی احتجاج ریکارڈ کر وایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp