ناامیدی کے بادل چَھٹ گئے، ملک کا معمار نوازشریف واپس آیا ہے، مریم اورنگزیب

ہفتہ 21 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ناامیدی کے بادل چَھٹ چکے ہیں۔ نواز شریف جب بھی پاکستان میں قدم رکھتے ہیں ملک ترقی کرتا ہے۔ آج ملک کا معمار، ملک کا بیٹا نوازشریف واپس آیا ہے، آج سب خوشی منا رہے ہیں تو کسی پر تنقید نہیں کی جائے گی۔

مینار پاکستان لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔ پورے پاکستان کے عوام مینار پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ سندھ کا قافلہ 2 بجے لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچے گا۔ پاکستان آج ایک نئی تاریخ لکھنے جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں نے کہا تھا کہ نوازشریف پہلے جاتی امرا جائیں گے لیکن آج نواز شریف ایئر پورٹ سے سیدھا جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ نواز شریف کی طرح کا لیڈر پاکستان میں نہیں ہے۔ مریم نواز شریف اور حمزہ شہبازشریف 3 بجے جلسے میں پہنچ جائیں گے۔ میاں نوازشریف 4 بجے لاہور جلسہ گاہ میں پہنچ جائیں گے اور ان کے پہنچتے ہی خطاب شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ایک نئی امید ایک نئی خوشحالی کے کر آ رہے ہیں۔ نواز شریف کے دور میں ملک میں امن تھا۔ ڈگری ہولڈر طلبا کے پاس نوکری تھی۔ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ نواز شریف نے کہہ ہے وہ بھاری دل کے ساتھ واپس آ رہے ہیں۔ نواز شریف کے واپس آنے پر نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp