کراچی، ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، اسمگلنگ اور جعل سازی میں ملوث 2 اہم افراد گرفتار

ہفتہ 21 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی اسمگلنگ اور ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، تازہ کارروائیوں میں ’ایف آئی اے‘ ٹیم نے ڈھائی سو موبائل برآمد کر کے 2 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی ٹیم نے ڈائریکٹرضعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر اسمگلنگ اور ڈٓالر کی غیرقانونی خریدوفرخت کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل جاوید بلوچ کی نگرانی میں صدر میں واقع شہر کی مرکزی الیکٹرانک مارکیٹ پر چھاپہ  مارا ہے۔

’ایف آئی اے‘ کی ٹیم نے 2 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان سے اسمگل اور چوری کیے گئے ایک کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے ڈھائی سو موبائل فون برآمد کرلیے ہیں۔

مبینہ ملزمان سے آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے کا سافٹ ویئر بھی برآمد

’ایف آئی اے ‘ نے انکشاف کیا کہ اسمگل اور چوری شدہ موبائل فونز کے انٹرنیشنل موبائل ایکویپمنٹ آئیڈنٹیٹی (آئی ایم ای آئی) نمبر بیرون ملک سے خریدے گئے ایک جدید سافٹ ویئر کے ذریعے تبدیل کیے جاتے ہیں۔

پی ٹی اے میں رجسٹرڈ موبائل فونز کا ڈیٹا بھی برآمد

’ایف آئی اے‘ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) کے سسٹم میں پہلے سے رجسٹرڈ موبائل فونز کا ڈیٹا بھی ملزمان سے برآمد کیا گیا ہے، ملزمان نے جعل سازی کے ذریعے ’پی ٹی اے‘ کو 5 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچایا، برآمد کیے جانے والے موبائل فونز میں برطانیہ (یو کے) سے چوری کیے جانے والے فون بھی شامل ہیں، اینٹی کرپشن سرکل نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp