موسم کے بدلتے ہی کپڑوں سمیت جوتے اور حتیٰ کہ میک اپ بھی بدل جاتا ہے۔ موسم گرما کی نسبت سردیوں کے کپڑوں کا انتخاب نہ صرف مشکل ہوتا ہے بلکہ کپڑے نسبتاً مہنگے بھی ہوتے ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں ان کپڑوں کی قیمت یقینی طور پر بڑھ چکی ہے جبکہ عوام کی قوت خرید بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ایسی صورتحال میں ہر فرد کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ انہیں سستے اور معیاری کپڑے مل جائیں۔
سستے اور معیاری کپڑے کہاں ملیں گے؟
اتوار بازار:
اسلام آباد ایچ 9 ہفتہ وار بازار کو اسلام آباد کا سب سے بڑا سستا بازار بھی کہا جاتا ہے کیونکہ مارکیٹ کے مقابلے میں یہاں پھل، سبزیاں اور کپڑوں سمیت تمام ضروری اشیا بہت ہی مناسب قیمت پر دستیاب ہوتی ہیں۔ سردیاں آتے ہی شہری بڑی تعداد میں گرم ملبوسات کے لیے وہاں کا رخ کرتے ہیں کیونکہ وہاں اسلام آباد کا سب سے بڑا لنڈا بازار لگتا ہے اور شہر کے خاص و عام اپنی استطاعت کے مطابق کپڑے خریدتے ہیں۔ اس ہفتہ وار بازار میں ہزاروں روپے کی مالیت کے امپورٹڈ ملبوسات چند سو روپوں میں دستیاب ہوتے ہیں۔
کراچی کمپنی:
اسلام آباد کے سیکٹر جی 9 میں واقع کراچی کمپنی مصروف ترین اور قدیم تجارتی مراکز میں سے ایک ہے۔ یہاں پر ضروریات زندگی کی تقریباً ہر شے دستیاب ہے۔ یہاں پر ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے علاوہ کپڑوں کی ہر قسم کی ورائٹی بہت ہی اچھے داموں دستیاب ہوتی ہے۔ سڑک کے کنارے وقفے وقفے سے لگے بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑوں کے اسٹالز کی قیمتیں باقی شاپنگ مالز اور دکانوں کی نسبت نہایت کم ہوتی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہاں لوگ دور دراز سے سستی شاپنگ کے لیے آتے ہیں۔
مزید پڑھیں
آبپارہ:
اسلام آباد کا آبپارہ بازار شہر کا سب سے پہلا اور تاریخی اہمیت کا حامل بازار ہے۔ آبپارہ میں اسلام آباد کا سب سے پہلا پولیس اسٹیشن اور پہلا بینک بھی قائم کیا گیا، اسلام آباد میں جب بھی کوئی نووارد کسی پرانے باسی سے ایسے کسی بازار کا پوچھتا ہے جہاں پر ہر شے مناسب قیمت پر دستیاب ہو تو اس کا جواب جھٹ سے یہی ہوتا ہے، کہ کپڑے، جوتے یا کسی بھی قسم کے ملبوسات سمیت ہر چیز کی مناسب قیمت پر خریداری کے لیے آبپارہ سے بہتر کوئی دوسرا انتخاب نہیں ہوسکتا۔
جی 10 مرکز:
شاپنگ کی بات کی جائے تو اسلام آباد کے چند وہ مقامات جہاں سستسے اور معیاری کپڑے دستیاب ہوتے ہیں، ان میں جی 10 مرکز بھی شامل ہے جو آہستہ آہستہ خاص طور پر خواتین کے ملبوسات کا مرکز بن چکا ہے۔ جی 10 مرکز میں فیشن اور موسم کے لحاظ سے تمام ورائٹی موجود ہوتی ہے اور یہاں سستے اور معیاری کپڑے بآسانی مل جاتے ہیں۔
یہ وہ چند مقامات ہیں جن کا انتخاب اسلام آباد کے باسی سستے اور معیاری کپڑوں کی خریداری کے لیے کرتے ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں یہ تجارتی مراکز ان تمام سفید پوش خاندانوں کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہیں جو بڑے بڑے شاپنگ مالز یا برانڈڈ کپڑے خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔