پیٹرول کی قیمت میں کمی کے فوائد عوام تک پہنچائے جائیں، نگراں وزیر اعظم کی ہدایت

پیر 23 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے فوائد فوری عوام تک پہنچائے جائیں۔

پیر کو نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے اور قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی، اسمگلنگ اور بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی بدولت مہنگائی کی شرح میں 1.7 فیصد کمی ہوئی جو گزشتہ ایک برس میں سب سے زیادہ کمی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ پیٹرول کی قیمت میں 12.38 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 4.7 فیصد کمی کے فوائد عام آدمی تک جلد سے جلد پہنچائے جائیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے 41 ارب روپے کی بچت ہوئی

وزیر اعظم نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں استحکام اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بدولت مجموعی طور پر 41 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے جس کا ریلیف عام آدمی تک پہنچے گا۔

وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قیمت میں استحکام اور سمگلنگ کی روک تھام کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد کو عام آدمی تک پہنچانے کے لیے اقدامات کو تیز تر کیا جائے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ بجلی چوری کی روک تھام اور انسداد اسمگلنگ آپریشن کا براہِ راست فائدہ عوام کو ہو رہا ہے۔ بلوچستان میں گندم کی قیمت میں 18 فیصد اور چینی کی قیمت میں اوسطاً 16 فیصد کمی خوش آئند ہے۔

انتظامیہ کی کوششوں سے 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی

اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ انتظامیہ کی کوششوں کی بدولت قومی سطح پر 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے جب کہ زرعی پیداوار، بجلی، کرایوں اور صنعتی پیداوار کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ کمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے اشیاءِ خورونوش و ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ اور فیصلہ سازی کے لیے قومی ادارہ شماریات کی تیار کردہ Decision Support System for Inflation ایپ کا استعمال کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ اور بلوچستان کے چیف سیکرٹری نے اپنے اپنے صوبوں میں اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چاروں صوبوں میں صوبائی انتظامیہ کے اقدامات کی بدولت سفری کرایوں میں اوسطًا 10 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔ جب کہ ذخیروہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں نگران وفاقی وزراء مرتضی سولنگی، گوہر اعجاز، کوثر عبداللہ ملک، سمیع سعید، محمد علی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

نگران وزراء اعلیٰ محسن نقوی، جسٹس (ر) مقبول باقر، اعظم خان، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp