ٹیکس وصولی کے بغیر معاشی بہتری ممکن نہیں، اسمگلنگ کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے، انوار الحق کاکڑ

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ٹیکس وصولی میں اضافے کے بغیر ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں، اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے جمعرات کو اسلام آباد ایوان صنعت و تجارت کے وفد نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ملاقات کی۔

ملاقات میں سیکرٹری کامرس، سیکرٹری صنعت، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، چیئرمین کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری طبقہ کی تجاویز کا خیرمقدم کرتا ہوں اور ان میں سے قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، تاجر برادری موجودہ ملکی معاشی حالات کے باوجود ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں جب کہ ان کی کاؤشوں سے روزگار کے مواقع بھی فراہم ہو رہے ہیں۔

حکومت ٹیکس کے نظام میں اصلاحات یقینی بنا رہی ہے، نگراں وزیر اعظم

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ٹیکس کے نظام میں اصلاحات یقینی بنا رہی ہے جس کے لیے ٹیکس کا نظام ڈیجٹلائز کیا جا رہا ہے، جب تک پاکستان میں ٹیکس وصولی میں اضافہ نہیں ہوتا تب تک ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے گزشتہ 48 گھٹنوں کے دوران متعدد کارروائیاں کی گئیں ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اقدامات کی ہمسایہ ممالک نے خیرمقدم کیا ہے۔

بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کریں گے۔ بجلی کے شعبے میں بھی اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کے لیے تمام فریقین سے مشاورت ضروری ہے، وزارت کامرس ملک بھر کے چیمبرز سے باقاعدگی سے تجاویز و مشاورت کو یقینی بنائے۔

نگراں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے حوالے سے جلد رپورٹ پیش کرے، پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے۔

کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے نظام میں بہتری لائی جائے ، سی ڈی اے شہریوں کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات اور لینڈ ریکارڈ کو ڈیجٹلائز کرے۔

ملاقات میں تاجر برادری نے نگراں وزیراعظم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد نے وزیراعظم کو تاجر برادری کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے وفد کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

آئی بی اور کسٹمز حکام کیا اسمگلروں کے خلاف کارروائی قابلِ ستائش ہے، نگراں وزیر داخلہ

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی ) خیبر پختونخوا اور کسٹمز انٹیلی جنس کو ان کے مثالی مشترکہ آپریشن پر مبارکباد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ کی گئی اپنے ایک ٹوئٹ میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ انٹیلی جنس بیورو خیبر پختونخوا اور کسٹمز انٹیلی جنس کی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے جس کی نگرانی کے نتیجے میں 519 ملین روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ انٹیلی جینس بیورو (آئی بی) خیبر پختونخوا کی تاریخ میں یہ سب سے اہم کیس تھا، جسے انہوں نے بخوبی سرانجام دیا۔ ملک کی معیشت کی بہتری اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمارے انٹیلی جنس اداروں کی کاؤشیں قابلِ ستائش ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp