غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے اپنے ملک بھیجا جا رہا ہے پھر یہ سب کیوں؟ ابراہیم زدران کے بیان پر تنقید

منگل 24 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ کپ 2023 میں پیر کو افغانستان نے پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دے دی ہے، افغانستان کی ایک روزہ میچوں میں پاکستان کے خلاف یہ پہلی فتح ہے۔

میچ میں 87 رنز کی اننگز کھیلنے پر ابراہیم زدران کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔

افغان بلے باز ابراہیم زدران نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ پاکستان سے واپس جانے والے غیرقانونی افغانوں کے نام کردیا۔

ابراہیم زدران کا کہنا تھا کہ میں یہ ایوارڈ ان لوگوں کے نام کرنا چاہتا ہوں جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے اور اب انہیں واپس افغانستان بھیجا جا رہا ہے۔

ابراہیم زدران کے اس بیان کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور ان کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

صحافی وجاہت کاظمی نے افغان کھلاڑی کے بیان پر کہا کہ یہ دوہرا معیار ہے۔ افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کا اپنا مین آف دی میچ پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغانوں کے نام کرنا ایک سیاسی بیان ہے، کیا آئی سی سی سو رہی ہے یا تمام قوانین صرف پاکستان کے لیے ہیں؟

ایک صارف نے کہا کہ افغان کھلاڑی نے یہ بیان باقاعدہ منصوبہ بندی سے تیار کیا تھا، غیر قانونی تارکین وطن کے لیے کوئی نرمی نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان کھلاڑی ابراہیم زدران پر پابندی لگنا چاہیے۔

فرقان صدیقی لکھتے ہیں کہ ابراہم زدران کے اس بیان کو آئی سی سی اور حکومت پاکستان سنجیدگی سے لے۔ انہوں نے افغان کھلاڑی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ برسوں تک دیکھ بھال کرنے پر بھی کبھی پاکستان کے شکر گزار نہیں ہوئے۔

ایک اور صارف نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے اپنے ملک بھیجا جا رہا ہے، پھر یہ سب کیوں؟ انہوں نے انڈیا کو بھی آڑے  ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انڈیا انہیں اپنے ملک کیوں نہیں لے جاتا؟

واضح رہے کہ پاکستان نے 4دہائیوں کی میزبانی کے بعد  تارکین وطن کو پاکستان چھوڑنے کے لیےایک ماہ کی ڈیڈ لائن دی تھی، اور کہا تھا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp