پاکستانی فارما سیوٹیکل کمپنی کے تیارکردہ کھانسی کے سیرپ پر مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا میں سیفٹی الرٹ جاری ہونے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے ڈیوس فارما کی مشتبہ مصنوعات کے حوالے سے انتباہی مراسلہ جاری کیا ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے اس انتباہی مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوس فارما کی جانب سے گیمبیا کو درآمد کیے گئے کوف ریلیف سیرپ میں ایتھائیلین گلائیکول کی مقدار ناقابل قبول حد تک زیادہ پائی گئی تھی۔
شہریوں، ڈاکٹرز، فارمیسی، اور اسپتالوں کو جاری کیے جانیوالے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ گیمبیا کی میڈیکل کنٹرول ایجنسی کی معلومات پر تحقیقات جاری ہیں تاہم ڈریپ نے ڈیوس فارما کو 7 مشتبہ ادویات کے 34 بیچ مارکیٹ سے اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔

ڈریپ کے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق اس مشتبہ ادویات میں ملٹی وٹامن سیرپ کے 10 بیچ، زنک سیرپ کے 17، اینٹی الرجک سیرپ کا 1، امراض معدہ کے سیرپ کے 3 بیچ اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈریپ نے اسی طرح ڈیوس فارما کو نزلہ اور زکام کے سیرپ اور کھانسی کے سیرپ سمیت اعصابی امراض کے سیرپ کا ایک ایک بیچ مارکیٹ سے واپس اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

ڈریپ نے شہریوں کو بھی ڈیوس فارما کی مشتبہ ادویات کے 34 بیچز کے استعمال سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
’فارمیسی، کیمسٹ مشتبہ ادویات کی ترسیل اور فروخت نہ کریں۔ کیمسٹ سیرپ کے مشتبہ بیچ کی فروخت روکنے کیلئے اسٹاک چیک کریں۔ فارمیسی اور کیمسٹ مشتبہ سیرپ کے بیچ کمپنی کو واپس بھجوائیں۔ ڈریپ کی صوبائی ٹیمیں میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس بڑھائیں۔‘














