وی ایکسکلوسیو: اسٹیبلشمنٹ نے ماضی کے تجربات سے سبق سیکھ لیا، احسن اقبال

منگل 24 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے سینیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ماضی کے تجربات سے سبق سیکھ لیا اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے کہ سیاست میں مداخلت نہیں کرنی۔

وی نیوز کے ساتھ اسلام آباد ہائیکورٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ’پوری قوم کے سامنے ان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم نے سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ کیا ہے سیاست میں مداخلت نہیں کرنی، اور میرا خیال ہے کہ پچھلے تجربات سے سب نے سبق سیکھا ہے‘۔

اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کا تجربہ کر کے دیکھ لیا

انہوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے عمران حکومت کا تجربہ کر کے دیکھ لیا۔ میرا خیال ہے کہ اب مثبت سوچ کے ساتھ ایسا ماحول پیدا کریں جس میں امن ہو، پالیسیوں کا تسلسل ہو اور ہم اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کر سکیں۔

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) فیض حمید کے احتساب سے متعلق سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ جب گھر میں آگ لگی ہو تو یہ وقت نہیں کہ ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑا کریں گے، آگ کس نے لگائی ہے یہ سوچے بغیر بالٹی کے ساتھ آگ بھجانے کا وقت ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ماضی میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید پر سیاست میں مداخلت کرنے کا الزام عائد کرتی رہی ہے۔

عمران خان سے بات چیت کریں گے؟

ایک سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اگر 9 مئی کا واقعہ معاف کردیا جائے تو پھر ہر کوئی پُرتشدد احتجاج کرنے آئے گا اور جی ایچ کیو پر پتھراؤ شروع کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ امریکا کے کیپیٹل ہل کے واقعے کی طرح ہے اور امریکا جیسی جمہوریت میں ان مظاہرین کو 10 سے 14 سال قید کی سزائیں ملی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp