آرمی چیف اسرائیل کے خلاف امت کی قیادت کریں: سراج الحق، امیر جماعت اسلامی

بدھ 25 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو اسرائیل کے غزہ میں مظالم کے جواب میں امت مسلمہ کی قیادت کرنے کی اپیل کر دی ہے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ’فلسطینیوں کی مائیں بہنیں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں، کشمیر کی طرح غزہ بھی پاکستان کے لیے اہم ہے، حکومت آگے بڑھ کر فلسطینیوں کا ساتھ دے، میں آرمی چیف سے بھی اپیل کروں گا کہ یہی صحیح وقت ہے امت کی قیادت کرنے کا۔‘

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سقوط بغداد کے موقع پر مسلمانوں کے سروں کے مینار بنائے گئے، سقوط غرناطہ کے بعد 30 لاکھ مسلمانوں کو ہجرت کرنا پڑی تھی، 500 سال غرناطہ اور قرطبہ کی مسجدیں آذان کے لیے ترستی رہیں، کل اسرائیل کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر برطانیہ کے ممبر پارلیمنٹ کو اس لیے جہاز سے اتار دیا گیا ان کے نام میں ایک لفظ محمد آتا ہے، ان کو 6 گھنٹے ایئرپورٹ پر بٹھایا گیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ’ایک بار امریکا کے سفیر سکھر یونیورسٹی میں گئے اور طلبا سے خطاب میں کہا کہ اگر آپ کو امریکا کا ویزا مطلوب ہے تو اپنے نام کے ساتھ محمد نہ لگانا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں اور ان کے مذہب اسلام سے تعصب والے لوگ ہیں، یہ درندے ہیں، ان کو جب بھی موقع ملا ہے، انہوں نے انسانیت کو جلایا ہے، کیا امریکا نے ہیروشیما اور ناگا ساکی پر لاکھوں جاپانیوں کو نہیں جلایا، کیا امریکا نے ہزارہا بم افغانوں پر استعمال نہیں کیے۔

سراج الحق نے کہا کہ ’فلسطینیوں کی مائیں ہماری بھی مائیں ہیں، ہمیں ایک امت بننے کی ضرورت ہے، اگر اسرائیل کی دہشتگردی کا مقابلہ نہیں کیا گیا تو ایک تیسری عالمی جنگ کا خطرہ ہے، میں حیران ہوں کہ 40 مسلم ممالک کی فوج موجود ہے جس کی قیادت ہمارے جنرل راحیل شریف کر رہے ہیں، اس فوج کے قیام کے وقت یہ اعلان ہوا تھا کہ یہ دیشتگردی کے خلاف اتحاد ہے۔ آج اسرائیل کی دہشتگردی سے بڑی اور کیا دہشتگردی ہو گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل قتل عام کر رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت پاکستان فلسطینیوں کے حق میں آگے بڑھے، جہاد کا اعلان بھی کرے، دفاع فلسطین فنڈ بھی قائم کرے اور عالمی سطح پر تمام یہودیوں کے اقتصادی بائیکاٹ کا اعلان بھی کرے۔

سراج الحق نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کے نقشے میں ترکی، شام، عراق، خیبر، مدینہ منورہ بھی شامل ہے۔ اسرائیل کا اعلان یہی ہے کہ ایران اور پاکستان بھی اس کا ہدف ہیں۔ اگر عالم اسلام کو اس فساد کا مقابلہ کرنا ہے تو اس کا مقابلہ وہیں کرنا ہے جہاں یہ فساد موجود ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں تمام جماعتوں کی قومی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا، اس کانفرنس میں القدس کے نام سے کمیٹی بنائی گئی، یہ کمیٹی پاکستان میں تمام ممالک کے سفارتخانوں میں جا کر سفیروں کو پیغام دے گی کہ وہ انسانیت کو بچانے کی خاطر غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ  بے شرمی سے امریکا اسرائیل کی سرپرستی کر رہا ہے، امریکا کے صدر جوبائیڈن اسرائیل میں جا کر کہتے ہیں کہ وہ اس کی حوصلہ افزائی کے لیے آئے ہیں۔ امریکا نے ایک بحری بیڑہ اسرائیل کو بھیجنے کے بعد دوسرا بحری بیڑہ بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے، اس لیے جماعت اسلامی 29 اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے عظیم الشان احتجاجی مارچ کرے گی تاکہ امریکا کو پیغام دیں کہ مسجد اقصی اور غزہ لاوارث نہیں ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جس طرح کشمیر پاکستان کے لیے اہم ہے اسی طرح غزہ بھی پاکستان کے لیے اہم ہے۔ حکومت آگے بڑھ کر فلسطینیوں کا ساتھ دے۔ میں آرمی چیف سے بھی اپیل کروں گا کہ یہی صحیح وقت ہے امت کی قیادت کرنے کا۔ پاکستان ایک نظریہ بن جائے اور تمام مسلم ممالک کے لیے ایک مثال بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ بجا طور پر فلسطین کے بچے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، یہی وقت ہے کہ غزنوی اور صلاح الدین ایوبی بنیں، وقت آیا ہے کہ اپنی فلسطینوں ماؤں، بیٹیوں کی آواز پر لبیک کہیں اور ابن قاسم کا کردار ادا کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp