پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: ‘لیجنڈ امام الحق صرف 88 رنز کے فرق سے سینچری اسکور نہ کر سکے’

جمعہ 27 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے مابین آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کا 26 واں میچ آج چدم برم کرکٹ اسٹیڈیم، چنئی میں کھیلا جا رہا ہے۔ گرین شرٹس رواں ورلڈ کپ میں شکست کی ہیٹ ٹرک مکمل کر چکی ہے اور آج کے میچ میں بھی قومی ٹیم کی ابھی تک کی کارکردگی کے بعد لگتا یہی ہے کہ آج کے میچ کا نتیجہ گزشتہ 03 میچوں سے مختلف نہیں ہو گا

آج جب ٹاس ہوا تو کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو یوں لگا کہ جیسے آج قسمت کی دیوی شاہینوں پر مہربان ہے لیکن جیسے ہی کھلاڑی میدان پر اترے تو ان کے قدم لڑکھڑا گئے۔

ورلڈ کپ میچز میں اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عبداللہ شفیق 17 گیندوں پر 09 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ان کے جانے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی ٹیم نے اپنی اننگز کے پہلے 30 اوورز میں ‘107 ڈاٹ گیندیں’ کھیلیں۔

پاکستانی شائقین کرکٹ کو آج کے میچ میں ٹیم سے بہت امیدیں تھیں۔ افغانستان سے اپ سیٹ شکست کے باوجود شائقین نے آج کے میچ سے قبل گرین ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر قومی ٹیم کے نام پیغامات بھیجے لیکن جیسے ہی ٹیم لڑکھڑائی تو شائقین نے سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

اوپننگ بیٹر اور قومی ٹیم کے چیف سیلیکٹر انضمام الحق کے بھانجے امام الحق کی کارکردگی پر سب سے زیادہ تنقید کی جارہی ہے۔ وہ آج کے میچ میں 12 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر قومی ٹیم کی خراب کارکردگی اس وقت ٹاپ ٹرینڈ بن چکی ہے۔ صحافی عباس شبیر نے قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ‘یہ ہیں امام الحق یہ بس اتنا ہی کھیلنا جانتے ہیں’۔

جہانزیب نے امام الحق کی آج کی اننگز پر طنزیہ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘لیجنڈ امام الحق صرف 88 رنز کے فرق سے اپنی سینچری نہ مکمل کر سکے’۔

علیشہ عمران نے بھی امام الحق کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کیا امام الحق کبھی سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے؟ کیا وہ کبھی زمہ داری کا مظاہرہ کریں گے؟۔

عمران صدیق نامی ایکس صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہم نے امام کو کبھی بھی بڑے میچ میں اسکور کرتے نہیں دیکھا۔ کیا ان کے لیے اب ورلڈ کپ ختم ہو جانا چاہیے؟۔

صحافی زبیر علی خان نے اپنی پوسٹ میں امام الحق کی کارکردگی پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ‏بھتیجا کبھی مایوس نہیں کرتا، ماشاء اللہ ہمیشہ بڑے میچ میں اپنے ٹیم کے کام آتا ہے۔ جب بھی بڑا میچ آتا ہے باقی ٹیم کی خامیاں اپنی پرفارمنس سے چھپا لیتا ہے۔

امام الحق نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک 06 اننگز میں 180 بالوں کا سامنا کرتے ہوئے 162 رنز بنائے ہیں۔ ان کی بیٹنگ کی اوسط 27 رنز ہے جب کا ان کا اسٹرائیک ریٹ 90 ہے ۔

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp