اسلام آباد: غزہ مارچ روکنے کے خلاف جماعت اسلامی کے کارکنوں کا احتجاج، پولیس کی شیلنگ

ہفتہ 28 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں غزہ مارچ روکنے کے خلاف جماعت اسلامی کے کارکنوں کا آبپارہ میں احتجاج جاری ہے، اس دوران پولیس کی جانب سے شیلنگ بھی کی جا رہی ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے کارکنوں نے اسلام آباد میں غزہ مارچ کی اجازت نہ دینے پر سری نگر ہائی وے کو بند کیا تھا جسے اب پولیس نے خالی کرا لیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی بھی جماعت یا تنظیم کو جلسے جلوس کی اجازت نہیں ہے۔

اسلام آباد پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پروگرام کرنے پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا کو متعدد کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

جماعت اسلامی رہنما کاشف چوہدری کو پولیس حراست میں دل کا دورہ

دوسری جانب حراست میں لیے گئے جماعت اسلامی کے رہنما و انجمن تاجران کے صدر کاشف چوہدری کو دل کا دورہ پڑا ہے جس کے بعد انہیں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا اور اب شفا اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں ان کی طبیعت ناساز بتائی جا رہی ہے۔

کاشف چوہدری اسپتال میں زیر علاج ہیں

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے آج اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ کی کال دے رکھی تھی لیکن انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی تھی اور موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

جماعت اسلامی کے کارکنوں نے انتظامیہ کی اجازت کے بغیر مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں روک لیا اور اس دوران نصراللہ رندھاوا سمیت مختلف افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

جماعت اسلامی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ غزہ ملین مارچ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق بھی شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔

گرفتاریوں کے بعد جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما میاں اسلم کی قیادت میں کارکنوں کی جانب سے شاہراہ بند کر احتجاج کیا گیا جسے پولیس نے خالی کرا لیا۔ میاں اسلم کا مطالبہ ہے کہ نصراللہ رندھاوا سمیت دیگر کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔

میاں اسلم نے کہاکہ جماعت اسلامی کل ہر صورت اسلام آباد میں غزہ مارچ نکالے گی۔

سری نگر ہائی وے آمدورفت کے لیے کھلی ہے، اسلام آباد پولیس

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ سری نگر ہائی وے اس وقت آمدورفت کے لیے کھلی ہے اور شاہراہ پر کوئی رکاوٹ نہیں۔ سڑک کو بند کرنے کی کوشش پر کچھ گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق سری نگر ہائی وے کو کرسیاں لگا کر بلاک کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے بعد شاہراہ کو کھلوا لیا گیا، سڑکوں اور شاہراہوں پر سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذالعمل ہے اور ہائی سیکیورٹی زون میں کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہے۔

ترجمان نے کہاہے کہ بغیر اجازت عوامی اجتماعات منعقد نہیں کیے جاسکتے جس سے عام شہریوں کی زندگی میں خلل پڑے۔ پرامن احتجاج کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کریں تاکہ احتجاج کو پرامن بنایا جاسکے اور عام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp