استحکام پاکستان پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ہم اقتدار میں آ کر 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے، اور موٹرسائیکل سواروں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا۔
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ملک کو درست سمت میں نہیں چلایا، استحکام پاکستان پارٹی اقتدار میں آ کر عوام کے مسائل حل کرے گی۔
مزید پڑھیں
جہانیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ 10 سال قبل بھی ہم پاکستان کی بہتری کے لیے اکٹھے ہوئے تھے لیکن ہم سب کام کرنے والوں کو ایک ایک کر کے ہٹا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملکی ترقی کے ادھورے مشن کو مکمل کریں گے، جن علاقوں میں ترقی نہیں ہوئی وہاں ترقی لائیں گے، زراعت کے شعبے پر توجہ دینا ہماری اولین ترجیح ہو گی۔
جہانگیر ترین نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں بھی پاکستان کی پارٹیاں ہیں ہم نے ان کو دشمن نہیں سمجھنا، دشمنی اور نفرت کی سیاست کو ختم کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے ملک کو آگے بڑھانے کے لیے منصوبہ بندی کی ہوئی ہے جسے عملی شکل دیں گے۔ ملکی وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔
ہم مشکل میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، عبدالعلیم خان
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہاکہ استحکام پاکستان پارٹی اقتدار میں آ کر 300 یونٹ تک مفت بجلی عوام کو دے گی۔
انہوں نے کہاکہ موٹرسائیکل والوں کو پیٹرول آدھی قیمت پر دیا جائے گا، ہم مشکل میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور چوروں سے نجات دلائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے مجھے اور جہانگیر ترین کو عثمان بزدار اور محمود خان کی خاطر قربان کیا، بتایا جائے آج وہ کہاں کھڑے ہیں۔
علیم خان نے کہاکہ عمران خان کو موقع ملا تو اس نے پنجاب والوں کو عثمان بزدار تحفے میں دیا۔