’فرینڈز‘ کے اسٹار اداکار میتھیو پیری 54 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

اتوار 29 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہور ڈرامہ سیریل ’فرینڈز‘ میں چینڈ لر بنگ کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والے اداکار میتھیو پیری کا انتقال ہوگیا، ان کی عمر54 سال تھی۔ امریکی پولیس کے مطابق میتھیو پیری اپنے گھر کے باتھ روم میں گرم ٹب کے اندر مردہ حالت میں پائے گئے۔

لاس اینجیلس ٹائمز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ میتھیو پیری ہفتے کی سہ پہر کو لاس اینجلس کے اپنے گھر کے باتھ روم میں ایک گرم ٹب کے اندر مردہ پائے گئے۔ تاہم کسی منفی سرگرمی یا قتل کے کوئی اثار نہیں ملے۔

لاس اینجیلس پولیس ڈیپارٹمنٹ کو فائر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اطلاع ملی جس کے بعد وہ ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں میتھیو پیری مردہ حالت میں پائے گئے، میتھیو پیری کے سسٹنٹ کی جانب سے واٹر ایمرجنسی کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ ان کے گھر پہنچا تھا۔

میتھیو پیری این بی سی چینل کے فرینڈز نامی ڈرامہ سیریل میں طنزیہ، چالاک اور سمجھدار چینڈلر بنگ کے کردار کے لیے دنیا کے سب سے زیادہ پہچانے جانے والے اداکاروں میں سے ایک بن گئے، جو 1994 سے 2004 تک 10 سیزن کی صورت میں چلا۔

فرینڈز نہ صرف امریکا میں بلکہ پوری دنیا میں ایک مقبول ڈرامہ سیریل ہے، ٹیلی ویژن کے بعد او ٹی ٹی (نیٹ فلکس) پر بھی اس ڈرامہ نے اتنی مقبولیت حاصل کی کہ 90 کی دہائی کے بعد آج کل کی نسل بھی ان کی اداکاری اور طنز و مزاح کے انداز کی گرویدہ ہوگئی۔

فرینڈز، نیو یارک میں رہنے والے 6 دوستوں کی زندگیوں پر مبنی سیریل تھا، اس کی کہانی میں طنز و مزاح، ایڈوینچر، حماقت، پیار، رومانس اور دوستی کی عکاسی کی گئی۔

اپنی کامیابی کے عروج کے دوران میتھیو پیری الکوحل کی لت میں مبتلا ہوگئے، جس کے بعد وہ برسوں تک درد کش ادویات کا استعمال کرتے رہے اور متعدد بار بحالی کلینک میں بھی داخل رہے۔

میتھیو پیری کو صحت کے مسائل کا سامنا تھا، جس کے بعد 2018 میں ان کے منشیات کے زیادہ استعمال کے باعث بڑی آنت پھٹ گئی اور وہ کئی ماہ تک ایک کولسٹومی بیگ (پیشاب کی نالی) کا استعمال کرتے رہے۔

گزشتہ سال فرینڈز سیریل کی یاد میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں تمام اداکار اکٹھے ہوئے جہاں میتھیو پیری نے اپنے درجنوں بار ڈیٹوکس سے گزرنے، اور خود کو سکون حاصل کرنے کی بار بار کوششوں میں لاکھوں ڈالر خرچ کرنے کا ذکر کیا۔

میتھیو پیری نے بڑی آنت کے پھٹنے کے بعد 2018 میں 5 ماہ کے عرصہ تک اسپتال میں رہنے کا بھی ذکر کیا اور اپنے جلد مرجانے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ان کو لگتا ہے کہ ان کی زندگی کا سفر مختصر رہ چکا ہے۔

پیری کی موت کی خبر پھیلتے ہی ہالی ووڈ کمیونٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ردعمل سامنے آیا۔

فرینڈز سیزن تیار کرنے والے وارنر بروس ٹی وی نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اپنے پیارے دوست میتھیو پیری کے انتقال سے بہت پریشان ہیں۔ اس کی مزاحیہ ذہانت کا اثر پوری دنیا میں محسوس کیا گیا، اور اس کی میراث بہت سارے لوگوں کے دلوں میں زندہ رہے گی۔

میتھیو پیری غیر شادی شدہ تھے

پیری 1969 میں امریکی ریاست میساچوسٹس میں پیدا ہوئے، اور والدین کی علیحدگی کے بعد مونٹریال اور لاس اینجلس کے درمیان پرورش پائی۔

ان کی والدہ کینیڈا کی صحافی تھیں جنہوں نے وزیر اعظم پیئر ٹروڈو کے پریس سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کے والد ایک امریکی اداکار تھے۔

ایک نوجوان کے طور پر، پیری کیلیفورنیا میں مستقل طور پر منتقل ہونے اور اداکاری کے شعبے میں آنے سے پہلے کینیڈا میں قومی سطح پر ایک ٹینس اسٹار تھے۔

میتھیو پیری ایک اچھے اداکار تو تھے لیکن غیر شادی شدہ شخص تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں کوئی شادی نہیں کی۔

واضح رہے میتھیو پیری کا فرینڈز سیریل کے اندر مزاحیہ کردار اس قدر مشہور ہوا تھا کہ آج بھی لوگ سوشل میڈیا پر ان کے کلپس کو شیئر اور پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔ اور ان کے انداز کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp