امریکا کو پیغام ہے کہ ہم ظلم کے خلاف فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، سراج الحق کا غزہ مارچ سے خطاب

اتوار 29 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین کے مظلوم عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے لیکن دنیا اسے روکنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ ہم غزہ جانے کے لیے تیار ہیں اور امریکا و اسرائیل کو جلد شکست ہو گی۔

اسلام آباد میں غزہ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ مسلمان حکمران فیصلہ کریں کہ وہ امریکا کی غلامی کریں گے یا اللہ کی، جب تک اسرائیل غزہ کے مسلمانوں پر مظالم بند نہیں کرتا ہم تحریک جاری رکھیں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے 19 نومبر کو لاہور میں غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملین مارچ کا اعلان کیا ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ مسلم حکمرانوں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ کدھر کھڑے ہیں ورنہ امت مسلمہ اٹھ کھڑی ہو گی، اور پھر تم میر جعفر اور میر صادق تصور کیے جاؤ گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ کل یہ تاثر دیا گیا کہ ہم امریکا کے سفارتخانے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے کارکنوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔

انہوں نے کہاکہ غزہ مارچ میں آنے والوں کو شاباش دیتا ہوں کیوںکہ بیت المقدس کی آزادی کا جہاد صرف عربوں کا مسئلہ نہیں یہ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے۔

غزہ مارچ میں شریک بچے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں

سراج الحق نے کہاکہ بیت المقدس کے معاملے پر ہمارے مسلمان حکمرانوں نے وہ فرض ادا نہیں کیا جو ان کو کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز جب اسلام آباد انتظامیہ ہمارے کارکنوں پر لاٹھیاں برسا رہی تھی اس وقت ترکیہ کے صدر لاکھوں کے مجمع سے خطاب کر رہے تھے جس میں انہوں نے یہ پیغام دیا کہ حماس دہشتگرد تنظیم نہیں ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خود اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل 56 سال سے فلسطینیوں کی سرزمین پر قابض ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج اگر حضرت عمر فاروق ؓ اور حضرت علی ؓ زندہ ہوتے تو وہ یقیناً غزہ کے مجاہدین کے ساتھ کھڑے ہونے کا کہتے۔

یہ بھی پڑھیں اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری، ممتاز فلسطینی شاعرہ بھی شہید

سراج الحق نے کہاکہ ہم تحریک جاری رکھیں گے جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے ترکیہ کے دوستوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور اب تک پاکستان سے ایک ارب روپے سے زیادہ کی رقم اکٹھی ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج ہونا تو یہی چاہیے تھا کہ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اور فوجی سربراہان بھی غزہ کے معاملے پر ایک ہو کر ایک پیغام دیتے۔

سراج الحق نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ انڈیا اور امریکا کی اداکارائیں تو اسرائیل کی مذمت کر رہی ہیں مگر ہمارے حکمرانوں میں اتنی جرات نہیں ہو رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانوں نے امریکا اور اب حماس نے اسرائیل کو کارروائی کر کے پیغام دیا ہے کہ ایمان کی طاقت ٹیکنالوجی سے کہیں مضبوط ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp